موسم کا حال: دہلی میں اگلے 6 دنوں تک بارش کی پیش گوئی، ممبئی میں ریڈ الرٹ

ملک بھر میں بارش کی وجہ سے مختلف ریاستوں میں لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ جہاں میدانی ریاستوں میں سیلاب کا خطرہ ہے وہیں پہاڑوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں شدید بارش، فائل تصویر / قومی آواز / وپن</p></div>

دہلی میں شدید بارش، فائل تصویر / قومی آواز / وپن

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں شدید بارشوں کے درمیان ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے مزید بھاری سے درمیانے درجے کی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

مانسون کی وجہ سے پہاڑی ریاستوں سے لے کر ملک کی میدانی ریاستوں تک تمام ندی نالے اپھان پر ہیں، جس کی وجہ سے کئی ریاستوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔ لوگوں کو جان و مال کے نقصان سے بچانے کے لیے حکومت نے سکیورٹی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔

آئی ایم ڈی نے جمعرات (27 جولائی) کو دہلی میں درمیانی درجے کی بارش کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پانچ سے چھ روز میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ بارش اور بادلوں کے باعث موسم خوشگوار رہے گا اور درجہ حرارت میں بھی کمی دیکھی جا رہی ہے۔


محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش کے 9 اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے، جس کے مطابق ریاست میں درمیانی سے بھاری بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بھاری بارش اور بادل پھٹنے کی وجہ سے ہماچل پردیش کے کئی اضلاع پہلے ہی سیلاب کی زد میں ہیں اور عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ جن 9 اضلاع کے لیے بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے ان میں سولن، منڈی اور شملہ جیسے معاشی اور سیاحتی اہمیت کے حامل اضلاع شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات نے مہاراشٹر کے کئی اضلاع کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی، پڑوسی تھانے اور رائے گڑھ سمیت پوری ریاست میں بارش ہو رہی ہے۔ دریں اثنا، ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے ممبئی اور تھانے کے اضلاع میں بارش کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا۔ رتناگیری ضلع میں آج کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ تھانے، پالگھر اور رائے گڑھ اضلاع میں ہلکی سے بھاری بارش کا الرٹ ہے۔


پہاڑوں پر ہونے والی بارشوں کے باعث ملک بھر کے تمام دریاؤں میں طغیانی ہے۔ دہلی میں جمنا خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ غازی آباد میں دریائے ہنڈن کی آبی سطح میں بھی اضافہ ہوا ہے، جبکہ یوپی میں دریائے گنگا میں طغیانی ہے۔ اس کے علاوہ بہار، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش میں بارشوں کی وجہ سے موسمی ندیاں اور نالے اپھان پر آ گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔