شمالی ہند میں موسم کا مزاج بدلا، کئی ریاستوں میں بارش-برفباری کا الرٹ، دہلی میں دھند چھائے رہنے کے آثار
ویسٹرن ڈسٹربنس کی فعالیت سے موسم کے مزاج میں پھر تبدیلی آ گئی ہے۔ دہلی-این سی آر، یوپی، بہار، راجستھان، ہریانہ، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔

دہلی میں بارش (فائل) / قومی آواز / وپن
شمالی ہند میں موسم نے پھر کروٹ لے لی ہے۔ پہاڑی ریاستوں میں موسم کا مزاج پوری طرح سے بدل گیا ہے۔ آئی ایم ڈی نے دہلی-این سی آر، اتر پردیش، بہار، راجستھان، ہریانہ کے کئی ضلعوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کچھ ریاستوں میں ژالہ باری کے بھی آثار ہیں۔ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں ایک بار پھر برفباری نے معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔ پہاڑوں پر آج پھر برفباری ہوسکتی ہے۔ ویسٹرن ڈسٹربنس کی فعالیت سے موسم کے مزاج میں یہ تبدیلی آئی ہے۔ ہماچل و اتراکھنڈ میں بارش نے یوپی کے موسم پر بھی اپنا اثر چھوڑا ہے جبکہ تمل ناڈو کے الگ الگ حصوں میں رات سے ہی بارش ہو رہی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے راجدھانی دہلی میں اتوار کو تیز ہوا چلنے کے ساتھ صبح میں دھند چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ یہاں کا زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 28 اور 15 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ دہلی میں ہفتہ کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1.8 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ صفدر گنج میں 1.8 ملی میٹر، پالم میں 1.0 ملی میٹر اور پیتم پورہ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ وہیں لودھی روڈ میں 2.4 ملی میٹر، رِج علاقے میں 3.6 ملی میٹر، پوسا میں 1.5 ملی میٹر اور راج گھاٹ میں 2.7 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔
وہیں مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق ہفتہ کو دہلی کا اے کیو آئی صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک درمیانی (126) زمرے میں درج کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دو دنوں سے نوئیڈا اور گریٹر نوئیڈا کی ہوا بہتر ہوئی ہے۔ دونوں شہروں کا اے کیو آئی 100 سے کم ہو گیا ہے۔ دو دنوں سے رک رک کر ہو رہی بارش کی وجہ سے فضائی آلودگی میں کمی آئی ہے۔ نوئیڈا کا اے کیو آئی ہفتہ کو 90 اور گریٹر نوئیڈا کا 60 درج کیا گیا۔ ایک دن قبل جمعہ کو بھی دونوں شہروں کا اے کیو آئی 96-96 رہا تھا۔ اگلے دو تین دنوں میں فضائی آلودگی اسی طرح رہنے کی امید ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔