کشمیر میں شبانہ برف وباراں کے بعد موسم بہتر، مغل باغوں میں سیاحوں کا رش

وادی میں موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی مغل باغوں بالخصوص شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں مقامی و غیر مقامی سیاحوں میں روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں دوران شب ہلکے درجے کی مختصر برف وباراں کے بعد موسم میں بتدریج بہتری واقع ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دوران شب وادی کشمیر کے بعض بالائی علاقوں میں ہلکے درجے کی برف باری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے بعد 29 مارچ یعنی پیر کی شام سے موسم میں بہتری واقع ہوسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وادی میں 30 مارچ کو کہیں کہیں ہلکے درجے کی بارشیں متوقع ہیں تاہم بعد ازاں 4 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

دریں اثنا وادی میں پیر کی صبح بارشوں کے بعد موسم میں بہتری واقع ہونا شروع ہوگئی۔ مطلع اگرچہ ابر آلود رہا تاہم آفتاب نے بھی بادلوں کی اوٹ سے باہر نکلنے کی کئی کامیاب کوششیں کیں۔ وادی میں موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی مغل باغوں بالخصوص شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ میں مقامی و غیر مقامی سیاحوں میں روز افزوں اضافہ درج ہو رہا ہے۔ بتادیں کہ باغ گل لالہ کو 25 مارچ سے لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔


وادی کی مشہور مقامی تفریح گاہ ’بادام واری‘ میں بھی لوگوں کے رش میں آئے روز اضافہ درج ہو رہا ہے۔ بادام واری کو 21 مارچ یعنی نوروز عالم کے تہوار کے دن لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 11.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 7.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 8.7 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 12.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور قصبہ دراس میں کم سے کم درجہ حرارت 1.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔