پٹنہ میں پھر بارش ہونے کے امکان، اسکول بند، 4 اضلاع میں ایلرٹ جاری

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں اگلے دو روز تک پھر بارش کی خبریں ہیں جس کی وجہ سے وہاں کے لوگوں کوجلدی کوئی راحت ملنے کے امکان نظر نہیں آ رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ میں اس سال بارش نے جو تباہی مچائی ہے اس سے عوامی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور اب جو خبر آ رہی ہے اس کے مطابق وہاں کے لوگوں کو جلدی کوئی راحت ملنے والی نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے ایک مرتبہ پھر ریاست کے بیشتر حصوں میں بھاری بارش کی پیشن گوئی کا ذکر کرتے ہوئے آرینج ایلرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے تین اور چار اکتوبر کے لئے پٹنہ، ویشالی، کھگڑیا اور بیگوسرائے کے اضلاع میں بھاری بارش کے تعلق سے ایلرٹ جاری کیا ہے۔ پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ کمار روی نے سبھی اسکول اور تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

پٹنہ پہلے ہی سیلاب کی صورتحال سے بے حال ہے اور وہاں راحت کے کام جاری ہیں۔ پانی بھراؤ کے لئے نتیش کمار حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ واضح رہے شہر کے پاش اور مہنگے علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی بھرا ہوا ہے اور گلی محلوں میں کشتیاں چل رہی ہیں۔ حالات اتنے خراب ہیں کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے اخباروں میں اشتہار دے کر عوام سے مدد کی اپیل کی ہے، انہوں نے اس کو بڑی قدرتی آفات میں سے ایک بتایا۔


واضح رہے اس مرتبہ نتیش کمار کو تنقید حزب اختلاف سے ہی نہیں سننی پڑ رہی بلکہ اپنی اتحادی جماعت بی جے پی کے ارکان سے بھی سننی پڑی ہے۔ مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سینئر رہنما گری راج سنگھ نے نتیش کمار کا نام نہ لئے بغیر ایڈ منسٹریشن کے بہانے وزیرا علی پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدرتی آفات نہیں بلکہ حکومت کی چوک ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے جیسوال نے بھی ایڈمنسٹریشن پر سوال کھڑے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا ’’گزشتہ تین دنوں سے پٹنہ کے جو حالات ہیں اس سے بے چین ہوں۔ قدرتی آفت پر کسی کا بس نہیں ہوتا لیکن 24 گھنٹے سے رک چکی بارش کے بعد بھی پانی کا نہیں نکلنا یہ بتاتا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے لاپروائی ہوئی ہے‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Oct 2019, 2:01 PM