موسم کا حال: راجدھانی دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے متعدد علاقوں کو شدید گرمی سے راحت

دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں بھی گزشتہ کچھ دنوں سے شدید گرمی پڑ رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ تاہم تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کے بعد یہاں گرمی سے کچھ راحت ملی ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی کی بارش / علامتی تصویر / ٹوئٹر</p></div>

دہلی کی بارش / علامتی تصویر / ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے بیشتر حصوں میں گرمی کی لہر کا اثر دیکھا گیا، جبکہ تریپورہ میں تو اسے خصوصی آفت قرار دینا پڑا ہے۔ دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں بھی گزشتہ کچھ دنوں سے شدید گرمی پڑ رہی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ تاہم تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کے بعد یہاں گرمی سے کچھ راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ راجدھانی سمیت شمالی ہندوستان میں ہلکی بارش سے اگلے تین دن تک شدید گرمی سے راحت رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات (20 اپریل) کو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 اور کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سیلسیس رہنے کی توقع ہے۔ راجدھانی میں جمعرات کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب، چنڈی گڑھ اور اتر پردیش میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق راجستھان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 20 اپریل کو بیکانیر، اجمیر، جے پور اور بھرت پور کے کچھ علاقوں میں 30-40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوا چلنے اور بارش ہونے کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں بھی برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کرگل میں تو 6 انچ مودی برف جمع ہو گئی ہے۔

اتراکھنڈ کے بیشتر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔ جموں و کشمیر میں اگلے 2-3 دنوں تک وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اگلے 5-6 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 21 اور 22 کو آندھرا پردیش کے کچھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ آندھی آنے کی وجہ سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملنے کی امید ہے۔ آئی ایم ڈی پٹنہ کے مطابق بہار کے کچھ اضلاع میں اگلے 3 دن تک گرمی کی لہر جاری رہے گی اور یہ 22 اپریل سے کم ہوگی۔ خیال رہے کہ پٹنہ میں درجہ حرارت 43 ڈگری کے قریب پہنچ گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔