کشمیر: موسم نے بدلی کروٹ، برف و باراں کا سلسلہ شروع

وادیٔ کشمیر میں 20 روزہ چلہ خورد کے اختتام کے ساتھ ہی موسم نے کروٹ بدلی جس کے نتیجے میں گزشتہ شام سے ہی وقفہ وقفہ سے ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں 20 روزہ چلہ خورد کے اختتام کے ساتھ ہی موسم نے کروٹ بدلی جس کے نتیجے میں گزشتہ شام سے ہی وقفہ وقفہ سے ہلکے برف وباراں کا سلسلہ شروع ہوا۔ ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کی ہے۔

وادی کو ملک کے دوسرے حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پر برستی بارش کے باوصف یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل جاری وساری ہے۔ایک اعلیٰ ٹریفک عہدیدار کے مطابق سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کو برستی بارش کے باوجود یک طرفہ ٹریفک کی نقل وحمل جاری رہی اور گاڑیوں کو سری نگر سے جموں روانہ ہونے کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا تاہم محکمہ موسمیات کی اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران برف وباراں کی پیش گوئی کے پیش نظر ٹریفک متاثر ہوسکتا ہے۔


وادی کشمیر میں 20 روزہ چلہ خورد کے اختتام کے ساتھ ہی گزشتہ شام سے ہی وقفہ وقفہ سے ہلکے برف وباراں کا سلسلہ شروع ہوا۔ وادی کے میدانی علاقوں میں جمعرات کو وقفہ وقفہ سے ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بالائی علاقوں میں کئی مقامات پر شبانہ ہلکی برف باری کے بعد دن میں وقفہ وقفہ سے بارشیں ہوئیں۔

وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں دوران شب ہلکی برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں جمعرات کی صبح قریب تین انچ تازہ برف جمع ہوئی تھی۔ وادی کے دوسرے سیاحتی مقامات پہلگام اور سونہ مرگ میں بدھ کی شام سے ہی وقفہ وقفہ سے بارشوں کو سلسلہ شروع ہوا تھا جو جمعرات کو بھی جاری رہا۔

شہر سری نگر میں جمعرات کی صبح سے ہی وقفہ وقفہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث سڑکوں کے گڑھوں میں پانی جمع ہونے کے باعث پا پیادہ مسافروں کا عبور ومرور امر محال بن گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ معمولی بوندا باندی سے شہر کے اطراف و اکناف کی سڑکیں زیر آب آتی ہیں جس سے مسافروں خاص طور پر عمر رسیدہ افراد اور بچوں کا چلنا پھرنا مشکل ہوجاتا ہے۔


نہوں نے بتایا کہ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور آفاق سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب منفی 4.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
وادی کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں کم ازکم درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ اور کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت بالترتیب 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ اور 2.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم ازکم درجہ حرارت منفی 6.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */