کشمیر: پانپور میں سی آر پی ایف اہلکاروں سے ہتھیار نہیں چھینے گئے، آئی جی سی آر پی ایف

موصوف آئی جی پی نے نامہ نگاروں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'کوئی ہتھیار نہیں چھینا گیا ہے۔ بزدلانہ حملے میں ہمارے دو جوان شہید ہوئے ہیں۔ ہم ان کی شہادت کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے'۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: کشمیر میں تعینات سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے انسپکٹر جنرل (آپریشنز) دیپک رتن نے کہا کہ پیر کو سی آر پی ایف کی پارٹی پر حملہ کرنے والے ملی ٹنٹوں نے کسی بھی اہلکار سے ہتھیار نہیں چھینے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور بہت جلد حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

موصوف آئی جی پی نے منگل کی صبح سری نگر کے مضافاتی علاقے ہمہامہ میں واقع سی آر پی ایف کے ریکروٹ ٹریننگ سینٹر میں منعقدہ دو مہلوک سی آر پی ایف اہلکار کی میتوں پر پھول مالائیں رکھنے کی تقریب کے بعد نامہ نگاروں کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ 'کوئی ہتھیار نہیں چھینا گیا ہے۔ بزدلانہ حملے میں ہمارے دو جوان شہید ہوئے ہیں۔ حملہ آوروں کو جلد ہلاک کیا جائے گا۔ ہم ان کی شہادت کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے'۔


اس موقع پر کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے کہا کہ پانپور حملے میں ملوث ملی ٹنٹوں کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'کل ہمارے سی آر پی ایف جوان آر او پی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ بارہ بجکر 40 منٹ پر ایک موٹر سائیکل پر دو ملی ٹنٹ آئے اور اے کے 47 سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہمارے دو جوان شہید جبکہ دیگر تین زخمی ہو گئے۔ تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'حملہ آوروں میں سے ایک پاکستانی ملی ٹنٹ سیف اللہ اور دوسرا مقامی ہے۔ ہم دونوں کو بہت جلد ہلاک کریں گے۔ کل ہی ہم نے دو تین آپریشن لانچ کیے تھے لیکن ہمیں کامیابی نہیں مل پائی۔ لیکن میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ملوثین کو ہم بہت جلد ہلاک کریں گے'۔ وجے کمار نے کہا کہ وادی کشمیر میں صورتحال قابو میں ہے اور اس طرح کے حملوں کو روکنے کے لئے ہر ایک گاڑی کو چیک کرنا ناممکن ہے۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ 'کسی مصدقہ یا خفیہ اطلاع ملنے پر ہی کسی گاڑی یا گاڑیوں کی تلاشی لی جاتی ہے'۔ آئی جی پی نے ملی ٹنٹوں کی جانب سے ورچول نمبرات کے استعمال سے متعلق پوچھے جانے پر کہا کہ 'ملی ٹنٹ ورچول نمبرات کا استعمال کرتے ہیں۔ پوری دنیا میں ورچول نمبرات کا استعمال ایک چیلنج ہے۔ ہم اس مسئلے کا بذریعہ ٹیکنالوجی حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں'۔ بتادیں کہ ضلع پلوامہ کے پانپور میں سری نگر – جموں قومی شاہراہ کے نزدیک پیر کو ملی ٹنٹوں کے ایک حملے میں سی آر پی ایف کے دو اہلکار ہلاک جبکہ دیگر تین زخمی ہو گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔