’اپنا خون بہا دیں گے لیکن بنگال کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے‘، ممتا کا بی جے پی پر حملہ

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’بی جے پی بنگال کو تقسیم کرنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے، چاہے اس کے لیے اپنا خون بہانے کی ضرورت پڑے۔‘‘

ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بار پھر بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ شمالی بنگال کے دورے پر علی پور دوار ضلع پہنچی ممتا بنرجی نے اپنے ایک بیان میں بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مغربی بنگال کو تقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم بی جے پی کی ان کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انھوں نے بی جے پی کے خلاف سخت رخ اختیار کرتے ہوئے کہا ’’بی جے پی بنگال کو تقسیم کرنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسا کبھی نہیں ہونے دیں گے، چاہے اس کے لیے اپنا خون بہانے کی ضرورت پڑے۔‘‘

دراصل ممتا بنرجی بدھ کے روز کال چینی بلاک واقع سبھاسنی میدان میں منعقد ایک سرکاری تقریب میں حصہ لینے پہنچی ہوئی ہیں۔ ساتھ ہی وہ علاقے میں کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس درمیان ممتا بنرجی اجتماعی شادی کی ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔ وزیر اعلیٰ کے دورے کو دیکھتے ہوئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ ممتا بنرجی آج جب شمالی بنگال کے دورے پر ہاسیمارا واقع ملنگی لاج پہنچیں تو ان کے حامیوں نے پرجوش استقبال کیا۔ پیر کی شب انھوں نے ملنگی میں آرام کیا اور پھر منگل کو علی پور دوار کے لیے روانہ ہوئیں۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پریڈ گراؤنڈ پہنچ کر علی پوار دوار اور جلپائی گوڑی ضلع کے پارٹی کارکنان کے ساتھ میٹنگ کی ہے۔ اس میٹنگ میں پارٹی کو مضبوط بنانے اور بی جے پی کی سازشوں سے سختی کے ساتھ نمٹنے کا لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ علاقے کی ترقی کے لیے آئندہ کے منصوبوں پر بھی میٹنگ میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔