2019 میں بی جے پی کو اقتدار میں نہیں آنے دیں گے: سونیا گاندھی

سونیا گاندھی نے ملک کے موجودہ سماجی اور سیاسی حالات سمیت کئی مدوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2019 کے عام انتخابات میں بی جے پی کو اقتدارمیں نہیں آنے دیں گے اور کانگریس برسراقتدار ہوگی۔

تصویر بشکریہ انڈیا ٹوڈے
تصویر بشکریہ انڈیا ٹوڈے
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے ’انڈیا ٹوڈے کانکلیو‘ کے دوران ملک کے موجودہ سماجی اور سیاسی حالات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی سیاست ایک مختلف مرحلے سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ایک کھلی بحث کی چھوٹ ہونی چاہئے لیکن آج مخالفین کی آوازوں کو دبایا جا رہا ہے اور آئین کے بنیادی اصولوں پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ حکمراں جماعت تحقیقاتی اداروں کے ذریعہ حزب اختلاف کی سیاسی جماعتوں پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ آر ٹی آئی کارکنان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اقتدار میں بیٹھے لوگ اشتعال انگیز بیان دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز بیانات برسراقتدار جماعت کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آئینی اداروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

کانگریس کی سابق صدر نے کہا کہ آج پارلیمانی اکثریت کو کچھ بھی کرنے کے لئے حاصل ہوئے لائسنس کے طور پر سمجھا جاتا ہے، جو نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے مودی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ آج تاریخ کو مختلف زاویہ سے لکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے کہ ملک کی ترقی محض چار سالوں میں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ’’میں ملک سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ آیا مئی 2014 سے پہلے ملک کیا ایک ’بلیک ہول ‘ تھا اور اس تاریخ کے بعد ہی ملک نے ہر چیز کو حاصل کیا ہے! انہوں نے کہا کہ تنوع میں وحدانیت ہی جمہوریت کی طاقت ہے لیکن آج معاشرے کو ووٹوں کے لئے تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کانگریس صدر نے کہا کہ گزشتہ چار سالوں میں خواتین اور دلتوں کے خلاف ظلم وستم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

یوپی اے کی چیرپرسن نے کہا کہ ان کی کوشش ملک میں ’سیکولر فرنٹ ‘ تیار کرنے کی ہے، جس سے ملک کی سیاست کو مثبت سمت فراہم ہو۔ انہوں نے مزید کہا ’’13 مارچ کو ہم نے حزب اختلاف کے رہنماؤں کو ڈنر پر مدعو کیا ہے۔ 2019 میں کسی بھی صورت میں بی جے پی کو اقتدار میں نہیں آنے دیں گے۔

کانگریس صدر راہل گاندھی سے متعلق سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ ’’راہل اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کانگریس میں نئی توانائی لانے کے لئے قدم اٹھائے ہیں۔ انہیں کام کرنے دینا چاہئے۔‘‘

پرینکا گاندھی کے سیاست میں آنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ پرینکا اس کے لئے آزاد ہیں۔ سونیا کا جواب اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ اب پرینکا سیاست میں آ سکتی ہیں۔ سونیا گاندھی نے اعتراف کیا کہ راہل گاندھی کے سامنے چیلنجز بہت زیادہ ہیں لیکن راہل تمام چیلنجز کا مؤثر طریقے سے سامنا کرنے کے قابل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Mar 2018, 2:53 PM