بی جے پی کو ہم قطعی آئین برباد کرنے نہیں دیں گے: راہل گاندھی

’آئین بچاؤ مہم‘ کا آغاز کرتے ہوئے کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں جہاں کہیں بھی بی جے پی عوام پر حملہ آور نظر آئے گی، وہاں کانگریس کا جھنڈا اور اس کے کارکنان کھڑے نظر آئیں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آج راہل گاندھی نے دہلی کے تال کٹورا اسٹیڈیم ’آئین بچاؤ مہم‘ کا آغاز کرتے ہوئے بی جے پی کو پرزور طریقے سے تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے مودی حکومت کے ساتھ ساتھ آر ایس ایس کے خلاف بھی آواز بلند کی اور کہا کہ ’’ہم بی جے پی اور آر ایس ایس کو آئین کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرنے اور اسے برباد کرنے کی قطعی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم بی جے پی کو آئین میں ذرا سی بھی تبدیلی نہیں کرنے دیں گے۔‘‘

’آئین بچاؤ مہم‘ کی شروعات کرنے کے دوران کانگریس سربراہ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’جو بیت الخلاء صاف کرتے ہیں، جو غلاظت اٹھاتے ہیں وہ کیسا محسوس کرتے ہیں۔ کسی نے ان کے اس احساس کو محسوس کیا ہے جو بالمیکی سماج کے لوگ محسوس کرتے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی کے خطاب کے دوران ’مودی مردہ باد‘ کے نعرے لگنے لگے جس پر انھوں نے ٹوکتے ہوئے کہا کہ ’’ہم کانگریس والے کسی کومردہ باد نہیں بولتے ہیں۔‘‘ وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اب ہر کوئی یہ جان گیا ہے کہ وزیر اعظم مودی کے دل میں دلتوں، خواتین، کمزوروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران آئین کی اہمیت پر بھرپور روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی اور امبیڈکر جی نے آئین کو لکھا اور ملک کے حوالے کر دیا۔ آج جو بھی آئینی ادارے ہیں، چاہے لوک سبھا ہو، راجیہ سبھا ہو، آئی آئی ٹی ہو، سب ہمارے آئین کی دین ہیں۔ آئین کے بغیر نہ لوک سبھا بنتی اور نہ ہی راجیہ سبھابنتی۔ آئین ہے تو ملک ہے۔‘‘ حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے راہل نے کہا کہ ہمارے سبھی اداروں میں آر ایس ایس کے نظریات والے لوگوں کو ڈالا جا رہا ہے۔ پہلی بار ہندوستان کی تاریخ میں ایسا ہوا کہ چار جج عوام کے پاس جا کر انصاف مانگ رہے ہیں۔ ہمیشہ عوام جج کے پاس جاتی ہے لیکن یہاں الٹا ہو رہا ہے۔ پارلیمنٹ کو بند کر کے رکھا گیا۔ پی ایم مودی پارلیمنٹ میں کھڑے ہونے سے گھبراتے ہیں کیونکہ آخر سوالوں کا کیا جواب دیں گے۔

راہل گاندھی نے آئین کی حفاظت کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی نے ملک کو آئین دیا، انسٹی ٹیوشن بنائے۔ ہم بی جے پی اور آر ایس ایس کو اسے چھونے نہیں دیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ 2019 انتخاب میں عوام پی ایم مودی سے اپنے من کی بات کہے گی۔ اب عوام کہے گی کہ مودی جی آپ نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی لا کر لوگوں کو مار دیا۔ آپ نے کسانوں کو خودکشی کرنے پر مجبور کر دیا۔‘‘

تقریب میں بڑی تعداد میں شریک لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کانگریس سربراہ نے کہا کہ ’’مجھے خوشی ہے کہ آپ سبھی یہاں آئے۔ ہماری جو آئین کی حفاظت کرنے کی مہم ہے، وہ کانگریس پارٹی زوروں سے چلائے گی۔ میں بھی اس میں شامل رہوں گا۔ جہاں بھی بی جے پی کے لوگ ہندوستانی عوام پر حملہ آور ہوں گے، وہاں آپ کو کانگریس پارٹی کا جھنڈا اور کانگریس پارٹی کے کارکنان نظر آئیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔