بڈگام میں ایک آزاد امیدوار کے چیئرمین بننے کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے: عمر عبداللہ

عمر عبداللہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہم اگلے ہفتے اس غیر جمہوری عمل کے خلاف عدالت کا دروازہ کٹھکٹھائیں گے۔ بتادیں کہ ضلع بڈگام میں آزاد امیدوار نذیر احمد خان کو ڈی ڈی سی چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @OmarAbdullah
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @OmarAbdullah
user

یو این آئی

سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا دعویٰ ہے کہ ضلع بڈگام میں پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ کے پاس ڈی ڈی سی ممبروں کی اکثریت ہونے کے باوصف ایک آزاد امیدوار کو چیئرمین منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اگلے ہفتے اس غیر جمہوری عمل کے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

انہوں نے ضلع انتظامیہ پر اس ضمن میں لوگوں کو دھمکیاں دینے کا بھی الزام لگایا۔ موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز اپنے سلسلہ وار ٹویٹس میں کیا جن میں سے ایک ٹوئٹ کے ساتھ انہوں نے ضلع کے آٹھ ڈی ڈی سی ممبروں کے ساتھ ایک تصویر بھی پوسٹ کی تھی۔


انہوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’جموں و کشمیر میں جمہوریت کا قتل ہو رہا ہے۔ میں ضلع بڈگام کے آٹھ ڈی ڈی سی ممبروں سے ملا ہمارے ساتھ الائنس کے ایک رکن جاوید مصطفیٰ میر بھی ایک ڈی ڈی سی ممبر ہے کل ملا کر ہمارے پاس 14 میں سے 9 ڈی ڈی سی ممبران ہیں لیکن پھر بھی ایک آزاد امیدوار کو چیئرمین بنایا گیا‘۔

موصوف کا اپنے دوسرے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’یہ سب ضلع انتظامیہ کی صریح مداخلت سے ہوا جس نے لوگوں کو دو برسوں تک بند رکھنے کے اختیارات ہونے کی دھمکیاں دیں۔ ہم اگلے ہفتے اس غیر جمہوری عمل کے خلاف عدالت کا دروازہ کٹھکٹھائیں گے‘۔ بتادیں کہ ضلع بڈگام میں آزاد امیدوار نذیر احمد خان کو ڈی ڈی سی چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */