جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ ہم دیں گے: کھڑگے

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ راہل گاندھی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے یاترا کے ذریعہ کنیاکماری سے کشمیر تک ملک کو جوڑنے کی کوشش کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی</p></div>

ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی

user

قومی آوازبیورو

شدید برف باری کے درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب سے خطاب کرنے سے پہلے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا یاترا کامیابی سے مکمل کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ان کا استقبال چادر پیش کر کے کیا۔ ان کی تقریر کے بعد راہل گاندھی نے بھی کھڑگے کو چادر پیش کی۔

برف باری کا ذکر کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ان کے لئے برف باری دیکھنا ایک نیا تجربہ ہے کیونکہ انہوں نے ایسا کبھی نہیں دیکھا، یہ ایک نیا ماحول ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ جب راہل گاندھی نے یاترا پر جانے کا فیصلہ لیا تو انہیں گھبراہٹ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس رہنماؤں کے دماغ میں یہ سوال آیا کہ کیسے ہوگا؟ یاترا کے کامیاب اختتام پر انہوں نے یاترا سے متعلق اپنے تحفظات پر ایک شعر بھی پڑھا۔

ڈر مجھے بھی لگا فاصلہ دیکھ کر
پر میں بڑھتا گیا راستہ دیکھ کر
خود بخود قریب آتی گئی
میری منزل میرا حوصلہ دیکھ کر


کھڑگے نے کشمیریوں کے حوصلہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیر میں جو دو چار دن میں حوصلہ دیکھا، اس سے یہ لگا کہ کشمیر کے لوگ سب سے زیادہ دل والے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ یاترا انتخابات جیتنے کے لئے نہیں ہے، نہ ہی کانگریس کو آگے بڑھانے کے لئے ہے، بلکہ یہ نفرت سے لڑنے کے لئے ہے۔ کھڑگے نے اپنے خطاب میں کہا کہ یاترا کے دوران راہل گاندھی نے سب سے ملنے کی کوشش کی اور انہوں نے سب کچھ زمین پر خود دیکھا اور وزیر اعظم کی طرح سب کچھ ہوا میں نہیں دیکھا۔

کھڑگے نے کہا کہ راہل گاندھی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے یاترا کے ذریعہ کنیاکماری سے کشمیر تک ملک کو جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں چند لوگوں کی جائیداد بڑھ رہی ہے اور اکثریت پریشان ہے۔ اپنے خطاب میں کشمیریوں سے انہوں نے کھل کر کہا کہ کانگریس کشمیر کو ریاست کا درجہ دلائے  گی اور وہ  یہاں اسمبلی بنائے گی۔ انہوں نے لوگوں سے  کہا کہ وہ نفرت کے بازار میں محبت کی دکانیں کھولیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔