ہم زیادہ سے زیادہ اسپتال بنائیں گے تاکہ کسی کو کوئی پریشانی نہ ہو: نتیش

وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کوئیلوار میں بہار اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ الائیڈ سائنسز کے تعمیر شدہ کیمپس کا افتتاح کیا۔

نتیش کمار / آئی اے این ایس
نتیش کمار / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پٹنہ: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج بھوجپور ضلع کے کوئیلوار میں بہار اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ الائیڈ سائنسز کے تعمیر شدہ کیمپس کا فیتہ کاٹ کر اور پتھر کی تختی کی نقاب کشائی کرکے افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ نے دیدی کے سلائی گھر ٹریننگ کم پروڈکشن سنٹر کا بھی فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اور اس کے بعد اس کا معائنہ کیا۔ بہار اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ الائیڈ سائنسز کی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے او پی ڈی سروس بلاک اور دیگر شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جیویکا کے ذریعہ چلائے جانے والے "دیدی کے باورچی خانے" کا بھی معائنہ کیا اور وہاں کھانے کے انتظامات کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے سے متعلق گیلری کا بھی دورہ کیا۔

اس موقع پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں یہاں موجود تمام لوگوں کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ بہار اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ الائیڈ سائنسز کا آج باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔ سال 2002 سے بہار حکومت نے کوششیں کیں کہ یہاں دماغی بیماری کے علاج کا کام شروع کیا جا سکے۔ ہم نے کئی بار اس سائٹ کا دورہ کیا اور پھر یہاں انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ الائیڈ سائنسز قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ یہاں پہلے سے ٹی بی اسپتال چل رہا تھا، ہم وہ بھی دیکھنے آئے تھے۔ عمارت خستہ حال تھی اور T.B. اسپتال بند تھا۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مینٹل اسپتال کے لیے نئی عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اس کا سنگ بنیاد سال 2017 میں رکھا گیا۔ مجھے خوشی ہے کہ آج مجھے بھی اس کا افتتاح کرنے کا موقع ملا۔ اس اسپتال کے شروع ہونے سے جن لوگوں کو کوئی دماغی بیماری ہے وہ یہاں بہتر طریقے سے علاج کروا سکیں گے۔ یہ اسپتال 272 بیڈ کا ہو گا، جس میں سے 180 بیڈ پر آج سے کام شروع ہو گیا ہے، باقی کا کام تین ماہ میں ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ یہاں طبی کام ٹھیک طریقے سے ہو سکے۔ اگر مزید ڈاکٹروں، عملے کی ضرورت پڑی تو انہیں بحال کیا جائے گا۔ یہاں نہ صرف بہار بلکہ دیگر ریاستوں سے بھی لوگ بہتر علاج کے لیے آئیں گے۔ اس اسپتال تک پہنچنے کے لیے تمام جگہوں سے ٹرانسپورٹ بھی دستیاب ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جیویکا گروپ کی بہنیں اس اسپتال میں کھانے کا انتظام کر رہی ہیں۔ مریضوں کو روزانہ مقررہ مینو کے مطابق غذائیت سے بھرپور اور خالص خوراک فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے جس میں صبح کا ناشتہ، دن کا کھانا، شام کا ناشتہ اور رات کا کھانا شامل ہے۔ تمام سرکاری اسپتالوں میں جیویکا دیدی کے ذریعہ کھانے کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ آج ہم نے یہاں دیدی کے سلائی ہاؤس اور ٹریننگ کم پروڈکشن سینٹر کا بھی معائنہ کیا ہے۔ یہاں مریضوں کے لیے کپڑے بنائے جائیں گے۔ ہم لوگ بابائے قوم کے نظریات کو ماننے والے ہیں۔ یہاں کے مریضوں کے لیے کپڑے کھادی کے اور سترنگی کی چادر ہینڈ لوم کی بنائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔