ہم نے کئی لیڈروں کو آگے بڑھایا لیکن انہوں نے پارٹی چھوڑ دی: نتیش کمار

اوپیندر کشواہا کے حال کے بیانات کے بارے میں سوال کرنے پر نتیش نے کہا ’ہمیں ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وہ جو کچھ بھی کہنا چاہتے ہیں اس کے لئے آزاد ہیں۔ مجھ سے ان کے بارے میں نہ پوچھیں‘

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آر سی پی سنگھ اور اوپیندر کشواہا جیسے لیڈروں پر حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بہت سے لیڈر ان کی جماعت ’جے ڈی یو‘ میں آئے اور انہوں نے ان کی تشہیر کی لیکن ان لیڈروں نے یا تو پارٹی کے خلاف بات کی یا پارٹی چھوڑ دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی اس سے متاثر نہیں ہوئی۔

جن نائک کرپوری ٹھاکر کے 99ویں یوم پیدائش پر نتیش کمار ایک پروگرام میں شرکت کے لیے سمستی پور ضلع کے کرپوری گرام پہنچے تھے۔ انہوں نے تقریب کے دوران کہا ’’کچھ لوگ (کشواہا) دو سال قبل پارٹی میں شامل ہوئے تھے اور اب پارٹی چھوڑنے کے لیے بنیاد بنانے کے اصل مقصد کے ساتھ ہم پر تنقید کر رہے ہیں۔‘‘


نتیش کمار نے کہا ’’میں نے کئی لیڈروں کو بڑھاوا دیا لیکن انہوں نے ہمارے خلاف بات کی اور پارٹی چھوڑ دی، ان کی غیر موجودگی کا پارٹی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔‘‘ کشواہا کے حالیہ تبصروں کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے فوری طور پر کہا ’’ہمارا ان سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وہ ہمارے ساتھ آئے۔ وہ جو کچھ کہنا چاہتے ہیں، کہنے کے لئے آزاد ہیں۔ مجھ سے ان کے بارے میں نہ پوچھیں۔‘‘

خیال رہے کہ اوپیندر کشواہا نے 2020 کے اسمبلی انتخابات میں ایک بھی سیٹ نہ جیتنے کے بعد اپنی پارٹی آر ایل ایس پی کو جے ڈی یو میں ضم کر دیا تھا۔ جے ڈی یو نے انہیں پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ فراہم کیا تھا۔ کشواہا پر بات کرنے کے علاوہ نتیش کمار نے یہ بھی اشارہ کیا کہ انہوں نے آر سی پی سنگھ کو اعلیٰ عہدہ فراہم کیا لیکن وہ پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔