ہمیں اپنے ملک کو انڈیا نہیں بھارت کہنا ہوگا: موہن بھاگوت

آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے ملک کے باشندگان سے اپیل کی کہ انڈیا کے مقام پر بھارت نام کا استعمال کریں۔ اس سے قبل انہوں نے ہندوستان کو ہندو راشٹر اور تمام ہندوستانیوں کو ہندو قرار دیا تھا

<div class="paragraphs"><p>موہن بھاگوت، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

موہن بھاگوت، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے ایک پروگرام کے دوران لوگوں سے ملک کے لئے انڈیا کے بجائے بھارت کا نام استعمال کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کا نام صدیوں سے بھارت ہے، انڈیا نہیں۔ اس لیے ہمیں اس کا پرانا نام ہی استعمال کرنا چاہیے۔

سنگھ کے سربراہ ساکل جین سماج کے ایک پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ’’ہمارے ملک کا نام صدیوں سے بھارت رہا ہے۔ زبان کوئی بھی ہو، نام ایک ہی رہتا ہے۔ ہمارا ملک بھارت ہے اور ہمیں تمام عملی شعبوں میں لفظ انڈیا کا استعمال بند کرنا ہوگا اور لفظ بھارت کا استعمال شروع کرنا ہوگا، تب ہی تبدیلی آئے گی۔ ہمیں اپنے ملک کو بھارت کہنا ہے اور دوسروں کو بھی یہی سمجھانا ہوگا۔‘‘


اس سے قبل جمعہ (یکم ستمبر 2023) کو انہوں نے کہا تھا کہ بھارت ایک 'ہندو قوم' ہے اور تمام بھارتیہ ہندو ہیں اور سبھی بھارتیہ ہندوتوا کی نمائندگی کرتے ہیں۔ لوگوں کی توقعات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنگھ کو اس سب کے بارے میں سوچنا چاہئے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ہندوستان ایک ہندو راشٹر ہے اور یہ ایک حقیقت ہے۔ نظریاتی طور پر تمام بھارتیہ ہندو ہیں اور ہندو کا مطلب تمام بھارتیہ ہیں۔ وہ تمام لوگ جو آج بھارت میں ہیں، وہ ہندو ثقافت، ہندو آباؤ اجداد اور ہندو سرزمین سے تعلق رکھتے ہیں، اس کے علاوہ اور کچھ بھی نہیں ہے۔‘‘


بھاگوت نے کہا ’’کچھ لوگ اسے سمجھ چکے ہیں، جبکہ کچھ اپنی عادت اور خود غرضی کی وجہ سے اسے سمجھنے کے بعد بھی اس پر عمل نہیں کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کچھ لوگ اسے یا تو ابھی تک نہیں سمجھ پائے ہیں یا بھول گئے ہیں۔ ’ہمارے نظریہ' کی پوری دنیا میں بہت مانگ ہے۔ حقیقت میں اس نظریے کا کوئی متبادل نہیں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔