ہم نے 8 سال قبل کہا تھا کہ جی ایس ٹی کے 2 سلیب ہوں گے تو غریبوں کو فائدہ ہوگا: کھڑگے

ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی سے ہم نے 8 سال قبل کہا تھا کہ اگر جی ایس ٹی کے 2 سلیب ہوں گے تو غریبوں کو فائدہ ہوگا۔ لیکن انہوں نے 5-4 سلیب لگا کر لوگوں کو لوٹا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>ملکارجن کھڑگے / تصویر بشکریہ ایکس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے مودی حکومت کو جی ایس ٹی سلیب میں کمی کرنے میں تاخیر کرنے پر ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جو بھی غریبوں کے لیے اچھا ہوگا، ہم اس کے بارے میں اچھا بولیں گے۔ غریبوں کے نام پر یہ لوگ ووٹ بٹورنے کے لیے لوگوں کو پریشان کرتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی سے ہم نے 8 سال قبل کہا تھا کہ اگر جی ایس ٹی کے 2 سلیب ہوں گے تو غریبوں کو فائدہ ہوگا۔ لیکن انہوں نے 5-4 سلیب لگا کر لوگوں کو لوٹا، لیکن اب انتخاب نزدیک ہے، انہیں کچھ مسائل پیش آئیں، امریکہ نے ٹیرف عائد کیے، تو فیصلہ بدلنا پڑا۔ ہماری پالیسی نان الائنمنٹ پالیسی تھی، اگر انہوں نے پہلے کی طرح نان الائنمنٹ پالیسی جاری رکھی ہوتی تو یہ صورتحال پیدا نہیں ہوتی۔‘‘

جی ایس ٹی سلیب کم کرنے میں تاخیر پر ملکارجن کھڑگے کے علاوہ دیگر کانگریس رہنماؤں نے بھی اپنے رد عمل کا اظہار کیا تھا۔ اشوک گہلوت نے 4 ستمبر کو بی جے پی پر طنز کستے ہوئے کہا تھا کہ ’’بی جے پی کی لوک سبھا میں 303 سے 240 سیٹیں پہنچنے پر انکم ٹیکس بھی کم ہو گیا اور جی ایس ٹی سلیب بھی گھٹ گیا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’63 سیٹیں کم ہونے میں اتنا فائدہ ہے، تو اگر بی جے پی کی لوک سبھا میں 150 سیٹیں کم ہو جائیں تو عوام کو ملنے والا فائدہ اور بھی زیادہ بڑھ جائے گا۔‘‘


غور طلب ہے کہ جی ایس ٹی کاؤنسل کی 56 ویں میٹنگ میں جی ایس ٹی کی نئی شرحیں منظور کی گئی ہیں۔ اس کے تحت اب 12 فیصد اور 28 فیصد کے سلیب کو ہٹا کر 5 فیصد اور 18 فیصد کر دیا گیا ہے۔ جبکہ لگژری اور ’سِن گُڈس‘ (نقصان دہ اشیاء) پر 40 فیصد کا نیا سلیب شامل کیا گیا ہے۔ جی ایس ٹی میں کی گئی یہ تبدیلیاں 22 ستمبر 2025 سے نافذ ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔