ہمیں اقتدار حاصل ہو گیا لیکن ہم آج بھی بے تاب ہیں کیونکہ خوابوں کو پورا کرنا ہے: وزیر اعظم مودی

بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی عہدیداروں کی میٹنگ میں پی ایم مودی نے کہا کہ 21ویں صدی کا وقت ہندوستان کے لیے بہت اہم وقت ہے

وزیر اعظم نریندر مودی / یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کہا کہ انہیں اتنے بڑے ملک کا اقتدار حاصل ہو گیا تو ہم سوچ سکتے تھے کہ اب آرام سے بیٹھیں لیکن ہم آج بھی بے تاب ہیں کیونکہ ہمیں اپنے معماروں کے خوابوں کو پورا کرنا ہے۔ وزیر اعظم مودی بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ 21ویں صدی کا وقت ہندوستان کے لیے بہت اہم وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام بی جے پی کو خاص پیار، یقین اور امید سے دیکھ رہے ہیں اور عوام کی خواہشات اور توقعات ہماری ذمہ داری کو مزید بڑھا دیتی ہیں۔ آزادی کے 75 ویں سال کے موقع پر یہ وقت ہے کہ آئندہ 25 سال کے اہداف کا تعین کر کے ان کے لیے مسلسل کام کیا جائے۔ ہمیں ملک کے عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ ملک کے سامنے چیلنجز یہ ہیں کہ ملک کے عوام کے ساتھ مل کر ہر چیلنج کو شکست دیں اور فتح کے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں۔ ہمارا منتر سب کا ساتھ، سب کا وشواس اور سب کا پریاس۔


انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا ہر شہری نتائج چاہتا ہے، حکومتوں کو کام کرتے دیکھنا چاہتا ہے۔ نتیجہ اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھنا چاہتا ہے۔ میں اسے عوامی ذہن کی سب سے بڑی مثبت تبدیلی سمجھتا ہوں۔ اس سے یقیناً حکومتوں کے احتساب میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ عوامی بیداری لازمی طور پر کام کرنے کی تحریک دیتی ہے اور دباؤ بھی پیدا کرتی ہے۔ ملک کے عوام کی بڑھتی ہوئی امنگوں میں میں ملک کا روشن مستقبل دیکھ رہا ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہمیں اقتدار کے مزے ہی لوٹنے ہوتے تو سوچتے کہ اتنا کچھ مل گیا ہے اب آرام سے بیٹھ جائیں لیکن ہمیں یہ راستہ منظور نہیں۔ ہمارا بنیادی مقصد ہندوستان کو اس بلندی پر لے جانا ہے جس کا خواب ملک کی آزادی کے لیے جان دینے والوں نے دیکھا تھا۔


پی ایم مودی نے کہا کہ آج بھی ہم بے تاب ہیں، کیونکہ ہمارا مقصد ہندوستان کو اس بلندی پر لے جانا ہے، جس کا خواب آزادی کے لیے جان دینے والوں نے دیکھا ہے۔ ہم مجاہدین آزادی کا قرض تو نہیں ادا سکتے لیکن ملک کے لیے دن رات محنت کر سکتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ پارٹی کا کارکن آج ان جذبات سے متاثر ہو کر انتھک محنت کر رہا ہے۔ فرض کی راہ پر چلنے والے ایسے معیاری کارکن ہوں تو کس کو فخر نہیں ہو گا۔ مجھے تم سب پر فخر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔