’ہم وندے بھارت ٹرینیں چلا رہے ہیں لیکن اسٹیشنوں پر سہولیات میسر نہیں!‘ بجلی کا جھٹکا لگنے سے بیٹی کی موت پر والد کا ریلوے پر الزام

متوفی ٹیچر ساکشی کے والد لوکیش کمار نے کہا کہ فیملی 40 منٹ کے بعد ہی اسٹیشن سے نکل سکی اور ان کی بیٹی اسپتال لے جاتے وقت دم توڑ گئی، ساکشی آہوجا اپنے شوہر کے ساتھ کہیں جانے کے لیے ٹرین پکڑنے آئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے باہر اتوار کو بجلی کا جھٹکا لگنے سے ایک خاتون کی موت ہو گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشن کے باہر پانی جمع ہو گیا تھا اور خاتون نے پانی سے بچنے کے لیے بجلی کے کھمبے کو پکڑ لیا تھا۔ اس کا تار باہر نکلا ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ بجلی کی زد میں آ گئی۔ جھٹکا لگنے کے بعد خاتون کا ابتدائی علاج نہیں ہوسکا، کیونکہ موقع پر کوئی ایمبولینس نہیں تھی، نہ ڈاکٹر تھے اور نہ ہی پولیس! متوفی کی شناخت ساکشی آہوجا کے طور پر کی گئی ہے جو مشرقی دہلی کے پریت وہار کی رہنے والی ہے۔ ساکشی کے والد لوکیش کمار نے ’این ڈی ٹی وی‘ سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ فیملی 40 منٹ کے بعد ہی اسٹیشن سے نکل سکی اور ان کی بیٹی اسپتال لے جاتے وقت دم توڑ گئی۔

ساکشی آہوجا کے والد لوکیش کمار چوپڑا نے بتایا ’’ہم ریلوے کی جدید ترین ٹرین ’وندے بھارت‘ سے چندی گڑھ جا رہے تھے۔ جب مجھے اطلاع ملی کہ میری بیٹی ساکشی آہوجا کی موت بجلی کا جھٹکا لگنے سے ہو گئی ہے، اس وقت میں پارکنگ کے مقام پر تھا۔ متعلقہ افسر کی لاپرواہی کی وجہ سے ایسا ہوا۔‘‘


انہوں نے کہا ’’ریلوے حکام نے ہمیں بتایا کہ کارروائی کی جائے گی لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ ہمارے نظام میں کوئی بہتری نہیں آ رہی ہے۔ ہم وندے بھارت جیسی اعلی معیار کی ٹرینیں چلا رہے ہیں لیکن اسٹیشنوں پر مناسب انفراسٹرکچر بنانے میں ہم ناکام رہے ہیں۔ بہت زیادہ رش کے باوجود وہاں کوئی سہولیات نہیں ہیں۔‘‘

چوپڑا نے کہا ’’مقامی مزدوروں نے الزام لگایا تھا کہ اس سے قبل بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ ہمارا نظام بہتر کیوں نہیں ہو رہا ہے؟ کوئی مناسب تفتیش کیوں نہیں ہو رہی ہے؟ چاروں طرف کیوں ننگی تاریں ہیں؟ تبھی کام کیوں کیا جاتا ہے جب میڈیا میں دکھایا جاتا ہے؟‘‘چوپڑا نے کہا ’’ہمیں پیسہ نہیں چاہیے، ذمہ داروں کو سزا دیں۔ ہمارا خاندان قانونی جنگ لڑنے کے لیے تیار ہے۔‘‘


خیال رہے کہ مشرقی دہلی کے پریت وہار کی رہنے والی ٹیچر ساکشی آہوجا ہفتے کی رات اپنے شوہر کے ساتھ کہیں جانے کے لیے ٹرین پکڑنے آئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق موسلا دھار بارش کے باعث نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر پانی سے بھرے ہوئے ٹریک میں بجلی اتر گئی۔ خاتون اس کے رابطے میں آئی اور اس کی موت ہو گئی۔ پولیس اور ریلوے حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ساکشی آہوجا کے دو بچے ہیں۔ ایک 9 سال کا بیٹا اور 7 سال کی بیٹی۔ اس حادثے میں دونوں بال بال بچ گئے۔ لوکیش چوپڑا نے کہا ’’میں گاڑی پارک کر رہا تھا اور اپنی بیٹی کو بیگ اور بچوں کے ساتھ ٹرین کی طرف جانے کو کہا لیکن وہاں کوئی مناسب انتظام نہیں تھا۔ وہ پانی میں چلی گئی اور بجلی کی زد میں آ گئی۔ وہاں 440 وولٹ کا ہائی ٹینشن تار تھا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔