شہریت قانون... ہم صرف چولہا نہیں پھونکتیں، قوم کی بھی فکر ہے: خاتون مظاہرین

مرادآباد عید گاہ میدان میں ہو رہے احتجاجی مظاہرے میں رات دن صرف کرنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ یوگی حکومت کے ضلع و پولس کے اعلیٰ افسران اس پُرامن احتجاج کو پہلے دن سے ہی ختم کرانا چاہتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ناظمہ فہیم

مرادآباد: ملک اور آئین بچاؤ کے جذبے سے سرشار خواتین عیدگاہ میدان میں پورے جوش و خروش کے ساتھ ڈٹی ہوئی ہیں اور یہ اعلان بھی کر رہی ہیں کہ چاہے جو بھی ہوجائے جب تک حکومت سی اے اے جیسے کالے قانون کو واپس نہیں لیتی اور این آر سی سے اپنے قدم پیچھے نہیں ہٹاتی تب تک ہمارے قدم بھی آدھا انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

عید گاہ میدان میں موجود ہندوستان کی ان بیٹیوں نے اپنے بلند حوصلوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بتا دیا کہ ہم گھروں میں رہ کر صرف چولھا نہیں پھونکتی ہیں بلکہ ملک اور قوم کی فکر بھی ہر وقت ہمارے مدّنظر رہتی ہے۔ عورت ملک، سماج، آئین کے تحفظ اور اپنے حقوق کی لڑائی کے لئے میدان میں جب اتر آتی ہے تو پھر اسے کوئی روک نہیں سکتا۔


مرادآباد عید گاہ کے میدان میں ہو رہے اس احتجاجی مظاہرے میں رات دن صرف کرنے والی خواتین کا کہنا ہے کہ یوگی حکومت کے ضلع و پولس کے اعلیٰ افسران اس پُرامن احتجاج کو پہلے دن سے ہی ختم کرانا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ ہماری ہی صفوں میں شامل چند مفاد پرست سیاست دانوں و سماج کے ٹھیکیداروں کا استعمال کر رہے ہیں۔ ضلع و پولس کے افسران کی یہ کوششیں ان کی ڈیوٹی کا ایک حصہ ہوسکتی ہیں، لیکن ہمیں شکایت ان ضمیر فروشوں سے ہے جو افسران کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ یہ مفاد پرست سیاسی عروج تو عوام کے دم پر حاصل کرتے ہیں مگر کام عوام کے خلاف کرتے ہیں۔ لیکن وہ یہ سمجھ لیں کہ ہم لوگوں کی بدولت وہ اس لائق بنے ہیں کہ یہ افسران ان کو اپنے پاس بٹھاتے ہیں۔

شہریت قانون... ہم صرف چولہا نہیں پھونکتیں، قوم کی بھی فکر ہے: خاتون مظاہرین

ان خواتین کا کہنا ہے کہ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف پہلے دن سے ہی ملک بھر میں احتجاج بلند ہو رہے ہیں مگر مرادآباد کے چند سیاسی، سماجی اور مذہبی ٹھیکیداروں کی وجہ سے یہاں اس ملک مخالف قانون کے خلاف کوئی احتجاج نہیں ہو رہا تھا جس کو لے کر یہاں کے لوگوں میں زبردست مایوسی اور غصہ تھا۔

ملک بھر میں ہو رہے احتجاجی مظاہروں کے بعد عوامی غصہ کا لاوا پھوٹ پڑا، خاص طور پر خواتین نے آئین بچاؤ تحریک اپنے ہاتھوں میں لیتے ہوئے مرادآباد کے عید گاہ میدان کو ایک اور شاہین باغ میں تبدیل کردیا۔ اس احتجاجی مظاہرے سے جہاں ضلع و پولس کے افسران سکتہ میں آگئے، وہیں ان چند ٹھیکیداروں کے ہوش بھی اُڑ گئے جو آپنے آقاؤں سے یہ کہتے نہیں تھک رہے تھے کہ ہندوستان بھرمیں جو بھی ہو مرادآباد میں ہم کوئی بھی احتجاج نہیں ہونے دیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ پہلے ہی دن سے اس احتجاجی مظاہرے کو ختم کرائے جانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔


احتجاج کے پہلے دن کچھ سیاسی سماجی ٹھیکیداروں نے یہ کہتے ہوئے اپنے آقاؤں کو دلاسہ دیا کہ یہ چند مرد اور خواتین ہیں اور اس علاقے کی بھی نہیں ہیں، فکر کی کوئی بات نہیں ہے۔ مگر دیکھتے ہی دیکھتے چند لوگوں پر مشتمل یہ احتجاج عوامی جم غفیر میں تبدیل ہوگیا اور اگلے دن ہی یہ مفاد پرست خود بھی اس احتجاجی مظاہرے میں شامل ہونے کے لئے مجبور ہوگئے، مگر ایک دن بھی اس احتجاجی مظاہرے کو اُکھاڑ پھینکنے کی جستجو ان ضمیر فروشوں نے نہیں چھوڑی۔

احتجاجی مظاہرے کی کمان سنبھالے ان خواتین کا الزام ہے کہ یہ ضمیر فروش اپنے ذاتی مفاد حاصل کرنے کے چکر میں ملک اور قوم کے ساتھ غداری کرنے میں لگے ہیں مگر ہم ان کو ان کے منصوبوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عید گاہ کے اس احتجاجی مظاہرے کو بام عروج پر پہچانے والی اور مفاد پرستوں کو آئینہ دکھانے والی ان شیردل خواتین کی ہمت کو سلام کرتے ہوئے شہر کی کچھ سرکردہ شخصیات نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری یہ ماں بہنیں ملک کے آئین اور قوم کی سلامتی کے لئے ہر طرح کا آرام چھوڑ کر کھلے آسمان کے نیچے سینہ سپر کھڑی ہیں، افسوس ہے ان لوگوں پر جو اس احتجاجی مظاہرے میں ڈٹی ہوئی خواتین کی حوصلہ افزائی کرنے کی بجائے ان کی حوصلہ شکنی کرنے میں لگے ہیں۔ ایسے مفاد پرست و قوم کے غداروں کو قوم کبھی بھی معاف نہیں کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔