لوک سبھا انتخاب کے لیے ہم پوری طرح تیار: الیکشن کمیشن

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 50 فیصد پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ کی سہولت ہوگی، 37809 پولنگ مراکز میں سے 22685 پر ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>الیکشن کمیشن، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

الیکشن کمیشن، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

آئندہ لوک سبھا انتخاب کو لے کر انتخابی کمیشن نے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں جانکاری دینے کے لیے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے آج ایک پریس کانفرنس کیا جس میں انھوں نے بتایا کہ ’’ہم 2024 کے پارلیمانی انتخاب اور ریاستی اسمبلی انتخاب (اڈیشہ وغیرہ) کرانے کے لیے پوری طرح سے تیار ہیں۔ سبھی تیاریاں تقریباً پوری ہو چکی ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’میں کمیشن کی طرف سے آپ کے (میڈیا) ذریعہ گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ سبھی ووٹرس آگے آئیں اور جمہوریت کے اس جشن میں حصہ لیں۔‘‘

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس میں ویب کاسٹنگ سے متعلق اہم جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 50 فیصد پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ کی سہولت ہوگی۔ مجموعی طور پر 37809 پولنگ مراکز میں سے 22685 پولنگ مراکز ایسے ہوں گے جہاں پر ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ معذور، نوجوان اور خواتین پر خاص توجہ رکھی جائے گی اور اس کے لیے 300 پولنگ مراکز ہوں گے، جن کا انتظام معذوروں کے ذریعہ ہی دیکھا جائے گا۔


قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن جلد ہی لوک سبھا انتخاب 2024 کے لیے تاریخ کا اعلان کر سکتا ہے۔ اڈیشہ میں رواں سال اسمبلی انتخاب بھی ہونا ہے، اس لیے لوک سبھا انتخاب کے ساتھ ہی اڈیشہ اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں سال اپریل اور مئی ماہ میں لوک سبھا انتخاب کرایا جا سکتا ہے۔ دراصل سترہویں لوک سبھا کی مدت کار 16 جون 2024 کو ختم ہو جائے گی اور اس سے قبل نئی حکومت کی تشکیل کے لیے راستہ ہموار کیا جانا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ 2014 کا لوک سبھا انتخاب 9 مراحل میں ہوا تھا اور 2019 کے لوک سبھا انتخاب 7 مراحل میں طے پایا تھا۔ 2024 کا لوک سبھا انتخاب کتنے مراحل میں ہوگا، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے ذریعہ کچھ بھی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ اس مرتبہ لوک سبھا انتخاب این ڈی اے اور انڈیا کے درمیان ہوگا۔ ایک طرف این ڈی اے کی قیادت بی جے پی کرتی ہوئی دکھائی دے گی، تو دوسری طرف انڈیا اتحاد کی قیادت کانگریس کرے گی۔ دونوں ہی اتحاد لوک سبھا انتخاب کے لیے کمر کس چکے ہیں اور سبھی پارٹیوں کی انتخابی سرگرمیاں بھی عروج پر ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔