وزیر اعظم نریندر مودی کا عالمی یوم آب پر پیغام، پانی کا تحفظ آنے والی نسلوں کے لیے ضروری
عالمی یوم آب پر وزیر اعظم نریندر مودی سمیت مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے پانی کو تہذیبوں کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے عوام سے اس اس کے تحفظ کا عہد کرنے کی اپیل کی

وزیر اعظم نریندر مودی / آئی اے این ایس
نئی دہلی: عالمی یوم آب کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے پانی کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پانی تہذیبوں کی زندگی کا بنیادی جز ہے، جسے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اپنے پیغام میں لکھا، ’’عالمی یوم آب پر ہم پانی کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پانی تہذیبوں کی زندگی کی لکیر ہے، اسے محفوظ رکھنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔‘‘
کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی عوام کو پانی کے تحفظ کا پیغام دیا۔ مرکزی وزیر برائے جل شکتی سی آر پاٹل نے اس موقع پر کہا کہ پانی قدرت کا انمول عطیہ ہے جو زندگی کا سنگ بنیاد ہے اور ہماری ثقافت، زراعت اور خوشحالی سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی 'جل شکتی ابھیان: کیچ دی رین 2025' مہم کا آغاز ہریانہ کے پنچکولہ سے کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد عوام میں پانی کے تحفظ کے لیے بیداری پیدا کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ اتر پردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی عوام سے پانی بچانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، ’’عالمی یوم آب کی مبارکباد! آئیں، پانی کے تحفظ کا عزم کریں اور خوشحال مستقبل کی طرف بڑھیں۔‘‘
اسی طرح، وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی نے کہا کہ اتراکھنڈ مقدس ندیوں کا منبع اور پانی کے وسائل سے مالا مال ہے۔ یہ ہماری وراثت ہے، جسے بچانا ہمارا فرض ہے۔ انہوں نے پانی کے درست استعمال کو پائیدار ترقی کی کلید قرار دیا۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے اپنے پیغام میں کہا، ’’پانی ہے تو کل ہے۔ عالمی یوم آب پر عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آئیے، قدرت کے اس قیمتی تحفے کو بچا کر خوشحال مستقبل کی بنیاد رکھیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔