آکاش وجیہ ورگیہ کے بعد ایک اور بی جے پی رکن اسمبلی نے افسر کو دی برسرعام دھمکی... ویڈیو

مدھیہ پردیش میں بی جے پی رکن اسمبلی آکاش وجیہ ورگیہ کی تشدد پسندی کےبعد اب ایک اور بی جے پی رکن اسمبلی کا افسروں کو دھمکانے والا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ویڈیو ودیشا سے بی جے پی رکن اسمبلی لینا جین کا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں افسران بی جے پی اراکین اسمبلی کے نشانے پر ہیں۔ بی جے پی رکن اسمبلی آکاش وجیہ ورگیہ کے ذریعہ میونسپل کارپوریشن افسر کی بیٹ سے پٹائی کا معاملہ ابھی تھما بھی نہیں تھا کہ اب ایک اور بی جے پی رکن اسمبلی کا افسروں کو دھمکانے کا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ یہ ویڈیو ودیشا سے بی جے پی رکن اسمبلی لینا جین کا ہے۔ لینا جین نے دھمکی دیتے ہوئے محکمہ زراعت کے افسر سے کہا کہ ’’آپ گیارس پور میں نوکری نہیں کر پاؤ گے۔‘‘ رکن اسمبلی پروٹوکول پر عمل نہیں کیے جانے سے ناراض تھیں۔


دراصل اُتکرسٹ ودیالیہ گیارس پور میں منگل کے روز انٹرنس فیسٹیول میں محکمہ تعلیم کے افسران نے بطور مہمان خصوصی سابق رکن اسمبلی نشنک کمار جین کو مدعو کیا گیا تھا۔ اتنا ہی نہیں محکمہ زراعت کےا فسران نے بھی بیج تقسیم پروگرام میں نشنک کمار جین کو بلایا تھا۔ اس بات کی جانکاری موجودہ بی جے پی رکن اسمبلی لیلا جین کو ملی تو وہ آگ بگولہ ہو گئیں۔ انھوں نے محکمہ زراعت کے افسر جی ایس چودھری اور محکمہ تعلیم کے افسر کی میٹنگ لے کر انھیں خوب پھٹکار لگائی۔

لیلا جین نے میٹنگ میں کہا کہ آپ میرے اختیارات پر قینچی چلا رہے ہیں۔ انھوں نے افسروں سے پوچھا کہ آپ نے کس حق کا استعمال کرتے ہوئے سابق رکن اسمبلی کو بلایا تھا؟ کیا وہ پروٹوکول میں تھے؟ آپ کا رکن اسمبلی پروٹوکول میں نہیں تھا؟ انھوں نے برسرعام میٹنگ میں محکمہ زراعت کے افسر کو گیارس پور میں ملازمت نہیں کر پانے کی دھمکی بھی دے ڈالی۔


24 گھنٹے کے اندر یہ دوسرا واقعہ ہے جہاں بی جے پی اراکین اسمبلی کے نشانے پر افسر رہے ہیں۔ اس سے پہلے بدھ کو بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کے بیٹے اور رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ کے میونسپل کارپوریشن کے افسر کو بیٹ سے پیٹنے کا ویڈیو سامنے آیا تھا۔ واقعہ کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد آکاش کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی اور انھیں 14 دنوں کے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔