گھریلو کرکٹ کے بےتاج بادشاہ وسیم جعفر نے کیا ریٹائرمنٹ کا اعلان

گھریلو کرکٹ کے بے تاج بادشاہ اور رنجی ٹرافی کے لیجنڈ کہے جانے والے ممبئی کے 42 سالہ بلے باز وسیم جعفر نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس کو ہفتہ کو الوداع کہہ دیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی: گھریلو کرکٹ کے بے تاج بادشاہ اور رنجی ٹرافی کے لیجنڈ کہے جانے والے ممبئی کے 42 سالہ بلے باز وسیم جعفر نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس کو ہفتہ کو الوداع کہہ دیا۔ جعفر نے فرسٹ کلاس کیریئر میں 260 میچوں میں 50.67 کی اوسط سے 19410 رن بنائے جس میں 57 سنچری اور 91 نصف سنچری شامل ہیں۔ ان کا سب سے زیادہ اسکور ناٹ آؤٹ 314 رنز رہا ہے اور انہوں نے 299 کیچ لئے ہیں۔ جعفر نے لسٹ اے میں 118 میچوں میں 4849 رنز اور 23 ٹی -20 میچوں میں 616 رن بنائے۔

گھریلو کرکٹ کے اس سرکردہ بلے باز نے ہندوستان کے لئے 31 ٹیسٹ اور دو ون ڈے کھیلے جس میں انہوں نے بالترتیب 1944 رنز اور 10 رن بنائے۔ جعفر نے ہندستان کے لئے اپنا ٹیسٹ ڈیبو فروری 2000 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ممبئی میں کیا تھا اور ان کا آخری ٹیسٹ اپریل 2008 میں کانپور میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہی تھا۔ جعفر نے ٹیسٹ میچوں میں پانچ سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور 212 رنز تھا۔اس سیزن میں ودربھ کے لئے رنجی ٹرافی کھیلنے والے جعفر نے اس سیزن میں بھی اچھی بلے بازی کی تھی اور انہوں نے کیرل کے خلاف ناگپور میں اپنے آخری رنجی میچ میں 57 رن بنائے تھے۔ جعفر نے اس سیزن میں دہلی کے خلاف 83 اور 40 رن اور راجستھان کے خلاف 60 رن بنائے۔ انہوں نے سیزن شروع ہونے سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ لینے کے اشارے دیے تھے کیونکہ فٹنس ان کے لئے ایک بڑا چیلنج تھا۔


جعفر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ 25 سال تک پروفیشنل کرکٹ کھیلنے کے بعد اب کھیل کو الوداع کہنے کا وقت آ گیا ہے۔ میں بی سی سی آئی، ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن، ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن، اپنی ٹیم کے ساتھیوں، میڈیا اور شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میرے والد چاہتے تھے کہ ان کا ایک بیٹا ہندستان کے لئے کھیلے۔ میں ہندستان کے لئے کھیل کر والد کے خواب کو پورا کر چکا ہوں۔ یہ ریٹائرمنٹ لینے کا صحیح وقت ہے اور میں کھیل کے تینوں فارمیٹس کو الوداع کہہ رہا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ میرے لئے اپنے کیریئر میں سب سے زیادہ یادگار لمحہ پاکستان کے خلاف 202 اور ویسٹ انڈیز کے خلاف 212 رن بنانا رہا۔

سال 2006-07 میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیتنا بھی میرے لئے کافی یادگار رہا۔ میرے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں نے راہل دراوڑ، سورو گنگولی، انل کمبلے، وی وی ایس لکشمن، وریندر سہواگ اور مہندر سنگھ دھونی جیسے سرکردہ کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم شئیر کیا۔

جعفر کے نام ملک کے قومی کرکٹ رنجی ٹرافی میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ ہے۔ 2018 میں جعفر رنجی ٹرافی میں 11،000 اور گزشتہ ہی مہینے 12،000 رن بنانے والے واحد بلے باز بنے تھے۔ جعفر نے 1996-97 میں رنجی ٹرافی میں ڈیبو کیا تھا اور وہ دو دہائی سے زیادہ وقت تک اس میں کھیلے۔اس سیزن میں جعفر نے اپنے 150 رنجی ٹرافی میچ پورے کئے تھے اور ایسا کرنے والے بھی وہ واحد بلے باز ہیں۔ جعفر نے رنجی ٹرافی میں سب سے زیادہ 40 سنچری بھی لگائی ہیں۔جعفر آئی پی ایل 2020 میں بیٹنگ کوچ کے طور پر نظر آئیں گے ۔ وہ آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔ آئی پی ایل فرنچائزز کنگز الیون پنجاب نے جعفر کو اس سیزن کے لئے اپنا بیٹنگ کوچ مقرر کیا ہے۔


جعفر بنگلہ دیش میں بلے بازی کوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال مئی میں جعفر کو میر پور واقع اپنی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا بلے بازی مشیر مقرر کیا تھا۔ جعفر بنگلہ دیش میں بھی نئے کھلاڑیوں کو بلے بازی کے گر سکھا رہے ہیں۔ممبئی نے جعفر کی کپتانی میں اپنا 38 واں اور 39 واں رنجی خطاب جیتا تھا۔ ان کی کپتانی میں ویسٹ زون نے 16 ویں بار دلیپ ٹرافی خطاب جیتا تھا۔ جعفر نے ممبئی کے لئے آٹھ بار رنجی ٹرافی جیتی تھی جس میں دو بار جیت ان کپتانی میں ملی تھی۔ انہوں نے پھر ودربھ کے ساتھ بھی دو بار رنجی ٹرافی جیتی۔

جعفر کے نام رنجی میں سب سے زیادہ میچ (156)، سب سے زیادہ رن (12038)، سب سے زیادہ سنچری (40)، اور سب سے زیادہ کیچ (200) کے ریکارڈ ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے نام دلیپ ٹرافی میں سب سے زیادہ رنز (2545) اور ایرانی کپ میں بھی سب سے زیادہ رنز (1294) کے ریکارڈ ہیں۔ وہ واحد ایسے بلے باز ہیں جنہوں نے ایک رنجی سیزن میں دو بار 1000 سے زیادہ رن (2008-09 اور 2018-19) بنائے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔