پٹرول-ڈیزل میں 50 روپے فی لیٹر کی تخفیف چاہیے تو بی جے پی کو مکمل شکست دیجیے: سنجے راؤت

’پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں 50 روپے کی کمی چاہیے تو بی جے پی کو پوری طرح سے ہرانا ہوگا‘، یہ بیان شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے مرکز کے ذریعہ پٹرول-ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے دیا

شیو سینا لیڈر سنجے راؤت / IANS
شیو سینا لیڈر سنجے راؤت / IANS
user

قومی آوازبیورو

شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تخفیف پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں ملی شکست سے ڈری بی جے پی نے مجبوراً یہ کٹوتی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’لیکن صرف 10-5 روپے کم کرنے سے کوئی راحت نہیں ملنے والی۔‘‘ سنجے راؤت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’اگر تیل کی قیمت 50 روپے فی لیٹر تک لانے ہیں تو بی جے پی کو پوری طرح شکست دینا ہوگا۔‘‘

سنجے راؤت نے کہا کہ تیل کی قیمت 100 روپے فی لیٹر پار کیے جانے پر عوام کو بی جے پی کے خلاف سختی کرنی ہوگی۔ دھیان رہے کہ ملک بھر میں گزشتہ کچھ وقت سے پٹرول کی قیمت 100 روپے فی لیٹر سے زیادہ چل رہی ہیں۔ ڈیزل بھی 100 کو پار کر چکا ہے۔ مرکز نے بدھ کی رات پٹرول پر 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 10 روپے فی لیٹر کی ایکسائز ڈیوٹی کٹوتی کا اعلان کیا۔ لیکن عام لوگوں میں بات یہ چل رہی ہے کہ یہ تخفیف حال میں ہوئے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کا نتیجہ ہے۔


سنجے راؤت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’پٹرول کی قیمت پانچ روپے کم کرنے کا کوئی مطلب نہیں نکلنے والا ہے۔ قیمت پہلی بار میں کم از کم 25 اور دوسری بار میں 50 روپے کم کیے جانے تھے۔ ضمنی انتخاب میں بی جے پی کی شکست کے بعد مرکز نے قیمت پانچ روپے کم کیے ہیں، تو ان میں 50 روپے کی کمی لانے کے لیے بی جے پی کو پوری طرح ہرانا ہوگا۔‘‘

راجیہ سبھا رکن سنجے راؤت نے کہا کہ مہنگائی کے سبب ملک میں تہوار کا کوئی ماحول نہیں ہے۔ لوگوں کو قرض لے کر دیوالی منانی پڑی ہے۔ دھیان رہے کہ مرکز کے ذریعہ ایکسائز ڈیوٹی میں تخفیف کے بعد کئی ریاستوں، خصوصاً بی جے پی حکمراں ریاستوں نے ویٹ میں بھی تخفیف کرتے ہوئے عام صارفین کو راحت دی ہے۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ حال کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو ہماچل پردیش میں زبردست جھٹکا لگا ہے، اور کانگریس نے وہاں کلین سوئپ کیا ہے۔ مہاراشٹر میں بھی بی جے پی دیگلور کی اسمبلی سیٹ اور دادر و نگر حویلی کی لوک سبھا سیٹ ہار گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔