2 دسمبر کو ووٹنگ اور 3 کو برآمد ہوگا نتیجہ، مہاراشٹر میں میونسپل کونسل اور نگر پنچایت کے انتخابات کا اعلان
ریاستی الیکشن کمشنر واگھمارے نے کہا کہ ’’اس بار 246 میونسپل کونسلوں اور 42 نگر پنچایتوں میں انتخاب ہوں گے۔ جن 105 نگر پنچایتوں کی مدت کار ابھی ختم نہیں ہوئی ہے وہاں بعد میں انتخاب کرائے جائیں گے۔‘‘

مہاراشٹر کے ریاستی الیکشن کمیشن نے منگل کو ریاست کے بلدیاتی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس بار 246 میونسپل کونسلوں اور 42 نگر پنچایتوں میں انتخاب ہوں گے۔ جن 105 نگر پنچایتوں کی مدت کار ابھی ختم نہیں ہوئی ہے وہاں بعد میں انتخاب کرائے جائیں گے۔ واگھمارے کے مطابق میونسپل کونسل کے صدور کے عہدوں کے لیے بھی براہ راست انتخاب ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ آج میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے انتخابات کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔
ریاستی الیکشن کمیشن نے ووٹرس کے لیے شفافیت اور سہولت کو یقینی بنانے کے لیے ایک موبائل ایپ جاری کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ اس ایپ میں امیدواروں اور ووٹرس کے بارے میں تفصیلی معلومات دستیاب ہوں گی۔
کل ووٹرس: ایک کروڑ 60 لاکھ
پولنگ مراکز: 13155
ووٹنگ سسٹم: الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)
صدر کے عہدے کے لیے اخراجات کی حد: 15 لاکھ روپے
ممبر کے عہدے کے لیے اخراجات کی حد: 12 لاکھ روپے
واضح رہے کہ ریاستی سیاست میں فی الحال ڈپلیکیٹ ووٹروں کا مسئلہ ایک اہم زیر بحث موضوع ہے۔ الیکشن کمیشن نے ڈپلیکیٹ یا دوہری ووٹنگ کو روکنے کے لیے نیا ٹول تیار کر لیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت اگر کوئی ووٹر پہلے سے کسی دوسرے پولنگ اسٹیشن پر رجسٹرڈ ہے تو ووٹنگ کے وقت ڈبل اسٹار الرٹ ظاہر ہوگا۔ پولنگ اہلکار اس کے بعد ووٹر کی شناخت کی تصدیق کریں گے اور ان سے ایک تحریری اعلامیہ (ڈکلیریشن) لی جائے گی کہ وہ دوبارہ ووٹ نہیں دیں گے۔ انتخابی عمل کے لیے ریاست بھر میں 288 انتخابی اہلکار اور 66775 انتخابی عملہ تعینات کیے جائیں گے۔
ڈویژن وار انتخابی تفصیلات
کونکن ڈویژن: 27
ناسک ڈویژن: 49
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن: 52
امراوتی ڈویژن: 45
ناگپور ڈویژن: 55
انتخابی شیڈول
نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ: 17 نومبر
انتخابی نشان کی تقسیم: 26 نومبر
ووٹنگ: 2 دسمبر
ووٹوں کی گنتی: 3 دسمبر
گزٹ میں نتائج کی اشاعت: 10 دسمبر
واضح رہے کہ ریاستی الیکشن کمشنر دنیش واگھمارے نے کہا کہ کمیشن نے منصفانہ اور شفاف انتخابات کرانے کے لیے پوری تیاری کر لی ہے۔ کمیشن کا مقصد تمام میونسپل کونسل اور نگر پنچایت کے انتخابات کو بروقت اور پرامن طریقے سے مکمل کرانا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔