دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع، سکیورٹی کے سخت انتظامات
دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں پر ووٹنگ سخت سکیورٹی میں صبح 7 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ تمل ناڈو اور اتر پردیش میں بھی دو ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ نتائج 8 فروری کو آئیں گے

دہلی میں ووٹنگ / قومی آواز / وپن
نئی دہلی: دہلی اسمبلی کی تمام 70 نشستوں کے لیے بدھ کی صبح 7 بجے سخت سکیورٹی کے درمیان ووٹنگ شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ ووٹنگ کے لیے ووٹرز میں جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے اور پولنگ مراکز پر لمبی قطاریں نظر آ رہی ہیں۔
دہلی کے ساتھ ہی آج دو دیگر ریاستوں کی اسمبلی سیٹوں پر بھی ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔ تمل ناڈو کی ایروڈ اسمبلی سیٹ اور اتر پردیش کی ملکی پور اسمبلی سیٹ پر ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی۔ یہ سیٹیں بالترتیب ایروڈ کے ایم ایل اے ای وی کے ایس ایلنگوین کے انتقال اور ایودھیا کے ملکی پور ایم ایل اے اودھیش پرساد کے استعفیٰ کے باعث خالی ہوئی تھیں۔
دہلی کے چیف الیکٹورل آفیسر آر ایلس واز نے دہلی کے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلیں اور جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں۔ انتخابی کمیشن نے آزادانہ اور پرامن پولنگ کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں۔
پولنگ کے لیے 97,955 انتخابی عملہ اور 8,715 رضاکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے لیے سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی 220 کمپنیاں، 19,000 ہوم گارڈ اہلکار، اور 35,626 دہلی پولیس کے اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ تقریباً 3,000 پولنگ بوتھس کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں اضافی سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ڈرون کے ذریعے بھی پولنگ پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
انتخابی عمل کے دوران بزرگ شہریوں اور معذور ووٹروں کے لیے خصوصی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، جن میں وہیل چیئرز اور علیحدہ قطاروں کا انتظام شامل ہے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے دوران بھیڑ کم کرنے کے لیے ایک خصوصی ایپ متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے ووٹرز پولنگ اسٹیشنز پر بھیڑ کی صورتحال جان سکتے ہیں۔
دہلی اسمبلی انتخابات کے نتائج 8 فروری کو جاری کیے جائیں گے جن میں یہ طے ہو گا کہ دہلی میں کس جماعت کو اقتدار حاصل ہوتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔