ووٹ چوری: ’اس سے زیادہ کھلی دھاندلی مزید کیا ہو سکتی ہے!‘ پون کھیڑا نے نئے انکشاف پر الیکشن کمیشن کو پھر بنایا نشانہ
پون کھیڑا نے معزز سپریم کورٹ سے گزارش کی ہے کہ وہ از خود نوٹس لیتے ہوئے گیانیش گپتا سے اس بات کی وضاحت طلب کرے کہ وہ ایک بار پھر اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں کیوں ناکام رہے ہیں۔

’رپورٹرس کلیکٹیو‘ کی ایک تازہ رپورٹ نے ’ووٹ چوری‘ معاملہ پر ایک نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ کانگریس اس معاملے میں ایک بار پھر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار گپتا پر حملہ آور نظر آ رہی ہے۔ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے تو تازہ انکشافات کے بعد سوال کیا ہے کہ ’’اس سے زیادہ کھلی دھاندلی مزید کیا ہو سکتی ہے؟‘‘
دراصل ’رپورٹرس کلیکٹیو‘ نے 51 انتخابی حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد اور شمار کیے گئے ووٹوں کی تعداد میں مطابقت نہ ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ اس کا حوالہ دیتے ہوئے پون کھیڑا نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’الیکشن کمیشن آف انڈیا ای وی ایم میں درج ووٹوں کی گنتی کر کے انتخابی نتائج کا اعلان کرتا ہے، یعنی کتنے ووٹ شمار کیے گئے۔ لیکن وہ اس بات کا الگ ریکارڈ بھی رکھتا ہے کہ ووٹ ڈالنے کے لیے حقیقت میں کتنے لوگ پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچے تھے۔‘‘ آگے لکھتے ہیں کہ ’’یہ وہ اعداد و شمار ہیں جنھیں وہ اپنی طرف سے عوام کے سامنے پیش نہیں کرتا، یعنی کتنے ووٹ ڈالے گئے۔‘‘
پون کھیڑا کا کہنا ہے کہ منطقی اور قانونی طور پر ڈالے گئے اور شمار کیے گئے ووٹوں کا یکساں ہونا ضروری ہے۔ لیکن افسوسناک طور پر ’رپورٹرس کلیکٹیو‘ کو دستیاب الیکشن کمیشن کے داخلی ریکارڈ کے مطابق مہاراشٹر، ہریانہ اور جموں و کشمیر کے 51 انتخابی حلقوں میں ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد اور شمار کیے گئے ووٹوں کی تعداد یکساں نہیں تھی۔ اس معاملہ میں وہ کہتے ہیں کہ ’’اصولی طور پر الیکشن کمیشن کے ضوابط کے تحت اس طرح کے تضادات کی صورت میں تحقیقات ہونی چاہئیں، تاکہ انتخابی دھاندلی کے امکان کو خارج کیا جا سکے۔ لیکن ظاہر ہے کہ ایسی کوئی تحقیقات نہیں کی گئی۔‘‘
اس معاملہ میں کانگریس لیڈر نے آر ایس ایس چیف موہن بھاگوت، وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پر بھی براہ راست حملہ کیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’ایسے ہی (گھوٹالہ والے) مواقع کے لیے ایم ایم ایس (موہن، مودی، شاہ) نے گیانیش گپتا نامی کٹھ پتلی کو چیف الیکشن کمشنر کی کرسی پر بٹھایا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ عدالت عظمیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’معزز سپریم کورٹ کو اس معاملہ میں از خود نوٹس لیتے ہوئے گیانیش گپتا سے اس بات کی وضاحت طلب کرنی چاہیے کہ وہ ایک بار پھر اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں کیوں ناکام رہے ہیں۔‘‘
