ووٹ چوری: کرناٹک میں پہلے سے بھرے ہوئے فارم-7 کی ویڈیو آئی سامنے، مسلم ووٹرز نشانے پر، کانگریس حملہ آور
کانگریس نے کرناٹک کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے وہ غداری ہے اور گیانیش کمار غدارِ وطن ہیں۔ پارٹی نے یہ عزم بھی ظاہر کیا کہ وقت آنے پر غدارِ وطن گیانیش کو سزا ضرور ملے گی۔

کرناٹک میں کئی مقامات پر پہلے سے بھرے ہوئے فارم-7 ملنے کی خبروں نے ایک نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ ایک طرف چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر استعفیٰ کا دباؤ بڑھ رہا ہے، اور دوسری طرف اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ مبینہ ووٹ چوری کا معاملہ بھی مضبوطی کے ساتھ اٹھایا جا رہا ہے۔ اب کرناٹک میں پیش آئے واقعہ نے الیکشن کمیشن کو لے کر شبہات مزید بڑھا دیے ہیں۔
دراصل ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں قبل سے بھرے ہوئے فارم-7 کو دکھایا گیا ہے۔ کانگریس نے اس ویڈیو کو اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’گیانیش کمار کرناٹک میں بھی ایس آئی آر سے ’ووٹ چوری‘ کی دھاندلی کر رہے ہیں۔ کرناٹک میں کئی جگہ پہلے سے بھرے ہوئے فارم-7 بھیجے جا رہے ہیں۔ ان میں خاص طور سے مسلم ووٹرس کے نام حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔‘‘ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ پہلے بھی بہار اور مغربی بنگال جیسی ریاستوں میں مسلم ووٹرز کو منصوبہ بندی کے ساتھ ووٹر لسٹ سے ہٹانے کا الزام لگایا گیا تھا، لیکن الیکشن کمیشن نے اس طرح کے الزامات کو ہمیشہ مسترد ہی کیا ہے۔ اب کرناٹک کی ویڈیو نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔
بہرحال، کانگریس نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بلاک لیول افسر (بی ایل او) پر ’اوپر سے‘ دباؤ ہونے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’بی ایل او بتا رہے ہیں اوپر سے دباؤ ہے کہ وہ فارم 7 پر دستخط کریں اور لوگوں کے نام کاٹیں۔ یہ ہے گیانیش کا ’ووٹ چوری‘ کا کھیل، جو وہ مودی کے کہنے پر کر رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہ غداری ہے اور گیانیش غدارِ وطن ہیں۔ وقت آنے پر غدارِ وطن گیانیش کو سزا ضرور ملے گی۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
