تاج محل کا دیدار بھی ہوگا مہنگا، ٹکٹ کی قیمت بڑھانے پر جلد لگ سکتی ہے مہر

تاج محل میں ہندوستانی سیاحوں کے لیے داخلہ ٹکٹ کی قیمت 50 روپے اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے 1100 روپے ہے۔ اضافہ کے بعد ہندوستانیوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت 80 روپے اور غیر ملکی باشندوں کے لیے 1200 روپے ہوگی۔

تاج محل، تصویر آئی اے این ایس
تاج محل، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

آنے والے دنوں میں تاریخی وراثت اور دنیا کے مشہور عجائب میں شامل ’تاج محل‘ کا دیدار کرنا مہنگا ہو جائے گا۔ ایسا اس لیے کہا جا رہا ہے کیونکہ آگرہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (اے ڈی اے) بورڈ کی میٹنگ بدھ کے روز منعقد ہوئی تھی جس میں تاج محل کے ٹکٹ کی قیمت بڑھانے پر غور و خوض ہوا۔ دراصل ٹکٹ کی قیمت بڑھانے کی تجویز طویل مدت سے زیر غور تھی جس پر بدھ کے روز میٹنگ میں بات چیت ہوئی۔ اے ڈی اے سکریٹری راجندر پرساد ترپاٹھی کے مطابق ’’اتھارٹی نے تاج محل کی سیر کے لیے ٹکٹ کی قیمت بڑھانے کو لے کر انتظامیہ کو تجویز بھیجی ہے۔ انتظامیہ کے ذریعہ منظوری ملنے پر آئندہ یکم اپریل سے تاج محل کے ٹکٹ کی قیمت بڑھ سکتی ہے۔‘‘

واضح رہے کہ تاج محل میں ابھی ہندوستانی سیاحوں کے لیے داخلہ ٹکٹ کی قیمت 50 روپے ہے اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے یہ قیمت 1100 روپے ہے۔ علاوہ ازیں شاہجہاں و ممتاز کی قبر دیکھنے کے لیے سیاحوں کو مین گنبد میں جانے کے لیے 200 روپے کا اضافی ٹکٹ خریدنا ہوتا ہے۔ اے ڈی اے کی تجویز پر انتظامیہ اگر مہر لگا دیتی ہے تو ہندوستانی سیاحوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت 30 روپے بڑھ کر 80 روپے ہو جائے گی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے یہ قیمت 100 روپے بڑھ کر 1200 روپے ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ مین شاہجہاں و ممتاز کی قبر دیکھنے کے لے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو 400 روپے کا ٹکٹ لینا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔