آگرہ: یکم ستمبر سے تاریخی مقامات پر جانے کی اجازت، لیکن نہیں ہو سکے گا تاج محل کا دیدار

اتر پردیش کے آگرہ میں 'اَن لاک' کا عمل شروع ہو چکا ہے اور یکم ستمبر سے لوگوں کو تاریخی مقامات کا دورہ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ صرف تاج محل اور آگرہ فورٹ کا دیدار کرنے کے لیے مزید انتظار کرنا ہوگا۔

تاج محل کی فائل تصویر / Getty Images
تاج محل کی فائل تصویر / Getty Images
user

تنویر

کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثرات کے درمیان اتر پردیش کے کچھ علاقوں میں اَن لاک کا عمل بھی چل رہا ہے۔ ایسے اضلاع جہاں کورونا انفیکشن کنٹرول میں ہے، وہاں بازار اور دکانیں کھل رہی ہیں۔ آگرہ میں بھی حالات پہلے کے مقابلے کچھ بہتر ہوئے ہیں اس لیے سیاحتی مقامات کو کھولنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ یکم ستمبر سے سبھی تاریخی مقامات سیاحت کے لیے کھول دیئے جائیں گے۔ حالانکہ ابھی تاج محل اور آگرہ فورٹ کو نہیں کھولا جائے گا۔

ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ جاری حکم کے مطابق سکندرہ، فتح پور سیکری، اعتماد الدولہ، مہتاب باغ وغیرہ سیاحتی مقامات یکم ستمبر سے کھل جائیں گے لیکن سیاحوں کو انتہائی احتیاط کے ساتھ سیر و سیاحت سے لطف اندوز ہونا پڑے گا۔ ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کے روز لاک ڈاؤن کی وجہ سے سیاحتی مقامات بھی بند رہیں گے کیونکہ اس دوران یو پی حکومت کے ذریعہ جاری احکامات پر بھی عمل کرنا ہوگا۔


جاری حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پہلے سے مقرر کردہ 'بفر زون' کے احکامات کو ترمیم کر کے اور ہفتہ واری بند کو چھوڑ کر کووڈ-19 کے حفاظتی تدابیر یعنی ماسک و سوشل ڈسٹنسنگ کے ساتھ آگرہ میں تاج محل/آگرہ قلعہ کو چھوڑ کر دیگر سبھی تاریخی مقامات قبل سے مقررہ وقت کے مطابق یکم ستمبر 2020 سے کھولے جائیں گے۔ ساتھ ہی ضلع انتظامیہ نے یہ بھی کہا ہے کہ تاج محل اور آگرہ قلعہ کو کھولے جانے سے متعلق فیصلہ اگلے مرحلہ میں لیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔