وراٹ کوہلی سب سے بد تمیز کھلاڑی ہیں: نصیر الدین شاہ

معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے وراٹ کوہلی کی سخت الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سب سے بد تمیز کھلاڑی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ کرکٹ ’جینٹل مینس گیم ‘ ہے یعنی مہذب لوگوں کا کھیل ہے لیکن کچھ دہائیوں سے اس کھیل کی تعریف اس لئے بدلتی جا رہی ہے کیونکہ ہر ٹیم، کپتان اور کھلاڑی کسی بھی طرح بس جیتنا چاہتا ہے ۔ اس کے اوپر میچ فکسنگ کے واقعات نے تو اس کھیل کی ساکھ کو پوری طرح تباہ کر دیا ہے ۔ مختلف ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے کپتانوں کے رویوں کے تعلق سے تبصرے ہوتے رہے ہیں جس سے اس کھیل کی اصل روح کو خراب کرنے کی سب سے زیادہ ذمہ داری آسٹریلیا ئی ٹیم کو جاتی ہے جنہوں سلیجنگ کے نام پر سب کچھ کیا ۔ ہمارے کپتانوں کی ساکھ ہمیشہ یہ رہی ہے کہ وہ سب سے زیادہ مہذب ہوتے ہیں بس ایک مرتبہ سورو گانگولی نے لارڈ کے میدان پر ضرور اپنی ٹی شرٹ اتار کر جیت کا جش منایا تھا جس سے ملک کی شبیہ کو نقصان پہنچاتھا ، لیکن اس کے بعد ’کپتان کول‘ مہندر سنگھ دھونی نے کپتانی کا جو معیار بلند کیا تھا اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے ۔ موجودہ کپتان کے حالیہ رویہ سے لگتا ہے کہ وہ دھونی کے کئے دھرے پر پانی پھیرنا چاہتے ہیں ۔ وراٹ کوہلی نے حال ہی میں تکبر سے بھرایسا بیان دیا جس نے اس کھیل کے مہذب ہونے پر سوال کھڑے کر دیئے ہیں۔

وراٹ کوہلی  سب سے بد تمیز کھلاڑی ہیں:  نصیر الدین شاہ

وراٹ کوہلی کے اس مغرور رویہ پر معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے ان کی سخت تنقید کی ہے ۔ شاہ نے سوشل میڈیا کے ذریعہ کوہلی کے رویہ کی تنقید کرتے ہوئے فیس بک پر لکھا "وراٹ کوہلی نہ صرف دنیا کے سب سے بہترین بلے باز ہیں ،بلکہ سب سے بدتمیز کھلاڑی بھی ہیں ۔ ان کی قابلیت ان کے گھمنڈ اور برے رویہ کے سامنے پھیکی پڑجاتی ہے اور میرا ملک چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے "۔

اداکار نصیر الدین شاہ نے اپنی پوسٹ کے ذریعہ کوہلی کے اس بیان پر نشانہ سادھا ، جس میں انہوں نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پسند کرنے والے مداحوں کو ملک چھوڑ کر چلے جانے کیلئے کہا تھا ۔ کوہلی نے ایک پروموشنل پروگرام کے دوران ایک مداح کے تبصرے پر یہ بیان دیا تھا۔

حقیقت یہ ہے کہ کوہلی نے جو بیان دیا ہے وہ قومی صورتحال کی زیادہ عکاسی کرتی ہے کیونکہ ملک میں بھی یہی حالات ہیں ، جو میری نہیں مانتا وہ ملک چھوڑ کر چلا جائے ۔ کوہلی کا رویہ غیر مہذب ہے اور یہ اس سوچ کی عکاسی کرتا ہے کہ جو میں سوچتا ہوں بس وہی صحیح ہے اور جو اس سوچ کے ساتھ نہیں ہے وہ ملک چھوڑ کر چلا جائے۔ ایان بوتھم اور بریٹ لی کے ہمارے ملک میں لاکھوں مداح ہیں اسی طرح کپل دیو، دھونی، گانگولی ، سچن، گواسکر اور خود کوہلی کے مداح پوری دنیا میں ہیں ، کیا وہ بھی انہیں پسند کرنا بند کر دیں۔

نصیر الدین شاہ کی اس پوسٹ کی کچھ لوگوں نے حمایت کی ہے جب کہ کچھ نے اس پر اعتراض کیا ہے ۔ کچھ یوزرس نے کوہلی کو بدتمیز کہنے پر شاہ کو گھیرنے کی کوشش کی جبکہ کچھ نے کوہلی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کو ہرانے کیلئے اس طرح کے جارحانہ رویہ کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔