ہندستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی میرے رول ماڈل: پاکستانی کرکٹر بابر اعظم

ابر اعظم نے کہا کہ مجھے مایہ ناز ہندستانی بلے باز کا اعتماد، بیلنس اور با لر کو پڑھ کر اس کے خلاف شاٹ کھیلنے کا انداز بہت پسند ہے خصوصاً وہ جس اعتماد کے ساتھ کریز پر آتے ہیں وہ دیکھتے ہی بنتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لاہور: پاکستانی ٹیم کے نوجوان بلے باز بابر اعظم نے ہندستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کو اپنا رول ماڈل قرار دیتے ہوئے ان کی پیروی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

بابر اعظم نے کہا کہ مجھے مایہ ناز ہندستانی بلے باز کا اعتماد، بیلنس اور با لر کو پڑھ کر اس کے خلاف شاٹ کھیلنے کا انداز بہت پسند ہے خصوصاً وہ جس اعتماد کے ساتھ کریز پر آتے ہیں وہ دیکھتے ہی بنتا ہے۔ کوہلی میں رنز کی بھوک ہے اور اگر وہ ایک میچ میں سنچری ا سکور کرتے ہیں تو اگلے میچ میں ایسے میدان میں اترتے ہیں جیسے انہوں نے گزشتہ اننگز میں کچھ کیا ہی نہ ہو۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے تیسرے میچ میں بابر اعظم نے کھیل کے سب سے چھوٹے فارمیٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔ان سے قبل یہ ریکارڈ وراٹ کوہلی کے پاس تھا جنہوں نے 27اننگز میں ہزار رنز مکمل کیے تھے جبکہ بابر نے 26ویں اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔

بابرنے تسلیم کیا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں میدان میں اترنے سے قبل ان کے ذہن میں کوہلی کا ریکارڈ تھا لیکن اس کے باوجود وہ یہ سوچ کر میدان میں اترے تھے کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھیلیں گے۔نوجوان کرکٹر نے کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیوزی لینڈ کےخلاف آئندہ ہفتے سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں بھی اسی طرح کی کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

ٹی ٹوئنٹی کی طرح ون ڈے میں بھی بحیثیت اوپنر کھیلنے کے متعلق بابر نے کہا کہ یہ کپتان اور کوچ پر منحصر ہے کہ وہ انہیں کیا کردار سونپتے ہیں اور انہیں کس نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھیجتے ہیں۔بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم کے موجودہ اوپنرز اچھا کھیل پیش کر رہے ہیں لیکن اگر ان سے ون ڈے میں بھی اوپننگ کا کہا گیا تو وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔