وائرل سبزی فروش رامیشور سے راہل گاندھی نے کی ملاقات، ایک دن قبل مانگی گئی مراد ہوئی پوری

غریب سبزی فروش کی ویڈیو کل وائرل ہوئی تھی جس میں انھوں نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے بات کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، ویڈیو وائرل ہونے کے ایک ہی دن بعد اس کی راہل گاندھی سے ملاقات ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>رامیشور کے ساتھ کھانا کھاتے ہوئے راہل گاندھی</p></div>

رامیشور کے ساتھ کھانا کھاتے ہوئے راہل گاندھی

user

قومی آوازبیورو

ملک میں بڑھتی مہنگائی کے درمیان گزشتہ روز دہلی کے آزاد پور منڈی سے ایک سبزی فروش کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو میں اپنا درد بیان کرتے ہوئے سبزی فروش کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں اور گلا بھی رُندھ جاتا ہے۔ اس سبزی فروش کی مزید ایک ویڈیو کل یعنی اتوار کے روز وائرل ہوئی جس میں وہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے بات کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے دکھائی دیا۔ اب ایک دن بعد ہی حقیقی معنوں میں اس سبزی والے کی ملاقات راہل گاندھی سے ہو گئی۔

اس سبزی فروش کا نام رامیشور ہے۔ وہ اتر پردیش کے کاسگنج ضلع کے کھتولی گاؤں کا باشندہ ہے اور دہلی میں سبزی فروخت کرنے کا کام کرتا ہے۔ ایک دن پہلے ایک چینل سے بات کرتے ہوئے رامیشور نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے بات کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ ایک دن بعد آج اس کی راہل گاندھی سے کافی دیر تک نہ صرف ملاقات ہوئی، بلکہ ان کے ساتھ کھانے کا بھی موقع میسر ہوا۔


راہل گاندھی نے سبزی فروش رامیشور سے بہت دیر تک بات چیت کی۔ اس ملاقات کے بعد راہل گاندھی نے رامیشور کے ساتھ اپنی تصویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔ انھوں نے اس کے ساتھ لکھا "رامیشور جی ایک زندہ دل انسان ہیں۔ ان میں کروڑوں ہندوستانیوں کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ مشکل حالات میں بھی مسکراتے ہوئے مضبوطی سے آگے بڑھنے والے ہی صحیح معنوں میں 'بھارت بھاگیہ وِدھاتا' ہیں۔"

واضح رہے کہ رامیشور کی پچھلی ویڈیو کو خود راہل گاندھی نے بھی شیئر کی تھی۔ اتنا ہی نہیں، ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راہل گاندھی یکم اگست کو آزاد پور منڈی بھی پہنچے تھے اور وہاں سبزی اور پھل فروشوں سے ملاقات کی تھی۔ رامیشور نے بتایا کہ انھیں پتہ چلا کہ ان کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راہل گاندھی آزاد پور منڈی پہنچے تھے۔ حالانکہ ان کی ان سے ملاقات نہیں ہو پائی۔ اسی بات چیت کے دوران انھوں نے راہل گاندھی سے بات کرنے کی خواہش ظاہر کی اور ایک دن بعد کانگریس لیڈر سے ان کی ملاقات ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔