ہولی تقریب کے دوران بی ایچ یو میں تشدد، دو ہاسٹل کے طلبا آپس میں متصادم!

بی ایچ یو کے چیف پروکٹر پروفیسر آنند چودھری نے کہا بڑلا اور ایل بی ایس ہاسٹل میں موجود طلبا ہاسٹل روڈ پر ہولی کھیل رہے تھے جب کسی بات پر تنازعہ ہو گیا اور حالات بگڑ گئے۔

بنارس ہندو یونیورسٹی، تصویر آئی اے این ایس
بنارس ہندو یونیورسٹی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو) کے احاطہ میں ہولی کھیلنے کے دوران ہوئے ایک تنازعہ کے سبب برلا اور لال بہادر شاستری ہاسٹل کے طلبا نے ایک دوسرے پر اینٹ اور پتھروں سے حملہ کر دیا۔ واقعہ منگل کی دیر رات کا ہے اور اس کے بعد احاطہ میں کثیر تعداد میں پولس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ بی ایچ یو کے چیف پروکٹر پروفیسر آنند چودھری نے کہا کہ کیمپس کے کئی ہاسٹلوں میں کووڈ-19 کے پھیلاؤ اور 29 مارچ کو ہولی کے تہوار کے سبب کئی طلبا اپنے ہاسٹل کے کمروں سے جا رہے ہیں۔ اس درمیان بڑلا اور ایل بی ایس ہاسٹل میں موجود طالب علم ہاسٹل روڈ پر ہولی کھیل رہے تھے، تبھی ان کے درمیان کسی بات پر تنازعہ ہو گیا اور تصادم جیسے حالات پیدا ہو گئے۔

بتایا جاتا ہے کہ دونوں ہاسٹل کے طلبا کے درمیان تصادم کے بعد کچھ ہی دیر میں حالات انتہائی سنگین ہو گئے۔ بڑلا ہاسٹل کے کچھ طلبا ہاسٹل کی چھت پر چڑھ کر پتھراؤ کرنے لگے۔ ایس پی سٹی وکاس چندر ترپاٹھی نے بتایا کہ بی ایچ یو انتظامیہ کے ذریعہ مطلع کیے جانے پر کیمپس میں پولس کی ٹیم بھیجی گئی۔ دونوں ہاسٹلوں کے طلبا کو ان کے کمروں میں بھیجا گیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ، ہاسٹل، پروکٹوریل بورڈ اور پولس افسران نے دونوں گروپ کے طلبا سے بات کی ہے۔ افسران نے کہا کہ حالات کشیدہ لیکن قابو میں ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔