اروناچل میں پر تشدد ہنگامہ، حکومت نے پی آر سی قرارداد واپس لی

پی آر سی پر بھڑکے مظاہرین نے اروناچل کے نائب وزیر اعلی کے بنگلہ پرحملہ کر دیا اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگا دی ۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اروناچل پردیش میں ریاست کے باہر کے چھہ قبیلوں کو مستقل رہایش کا سرٹیفیکیٹ دینے کی قرارداد کے خلاف حالات کشیدہ ہو گئے ہیں اور وہاں تشدد بھڑک اٹھا ہے ۔ ہنگامہ آرائی اور رتشدد کے بھڑکنے کے بعد ریاستی حکومت نے اس پرمننٹ ریسیڈینسی سرٹیفیکیٹ (پی آر سی) قرارداد کو واپس لے لیا ہے۔

واضح رہے تشدد میں ایٹا نگر میں ہونے والے پہلے عالمی فلم فیسٹیول کی تقریب گاہ کے باہر بھی مظاہرین نے ہنگامہ کیا اور وہاں کھڑی کئی گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا ۔ اس کے بعد اس معاملہ میں مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ کرن رججو نے ٹویٹ کے ذریعہ بتایا کہ اروناچل پردیش حکومت نے نامسی اور چاگلانگ اضلاع میں رہنے والے چھہ قبیلوں کو پی آر سی دینے کے لئے مشترکہ اعلی اختیاراتی کمیٹی کی سفارشات کو منظور نہیں کرنے کا حکم دیا ہے۔

رججو نے کہا کہ اروناچل پردیش کے وزیر اعلی پیما کھانڈو نے واضح کیا ہے کہ ریاستی حکومت پی آر سی پر قانون نہیں لا رہی ہے بلکہ نبام ریبیا کی قیادت والی مشترکہ اعلی اختیاراتی کمیٹی کی رپورٹ کو صرف پیش کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ریاست میں امن بحالی کے لئے مرکزی وزارت داخلہ نے انڈو۔تبت بورڈر پولیس کی دس کمپنیوں کو بھیجا گیا ہے ۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں جاری تشدد کو روکنے کے لئے ایک ہزار جوان بھیجے گئے ہیں ۔ریاستی حکومت انتظامی ضرورتوں کے مطابق ہی ان جوانوں کو تعینات کرے گی ۔ اس سے قبل انڈو۔تبت بورڈر پولیس کی پانچ کمپنیوں کوتعینات کیا گیا تھا اور ایک کمپنی میں سو جوان ہوتے ہیں ۔

اتوار کی دوپہر کو مظاہرین نے نائب وزیر اعلی چونے مین کے بنگلہ پر حملہ کیا تھا اور وہاں آگ لگا دی تھی ۔ رپورٹ کے مطابق نائب وزیر اعلی کی گاڑی کو بھی مظاہرین نے جلا دیا تھا ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Feb 2019, 10:09 AM