منی پور میں تشدد جاری، تازہ حملے میں 6 افراد ہلاک، فوج کا آپریشن جاری

فوج کے ترجمان کے مطابق کے آئی اے گروپ سے تعلق رکھنے والا ایک مسلح ملی ٹینٹ گولی لگنے سے زخمی ہو گیا اور اسے پکڑ لیا گیا، جبکہ دیگر ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے

<div class="paragraphs"><p>منی پور تشدد / Getty Images</p></div>

منی پور تشدد / Getty Images

user

قومی آوازبیورو

امپھال: منی پور میں تشدد کی آگ لگاتار بھڑک رہی ہے اور آئے روز ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔ بشنو پور ضلع میں تازہ ترین تشدد میں 6 لوگوں کی جان گئی اور 16 زخمی ہوئے۔ حملہ آوروں نے بندوقوں اور مارٹروں سے حملہ کیا تھا، جس کے بعد فوج نے جوابی کارروائی شروع کر دی۔ فوج کے ترجمان کے مطابق کے آئی اے گروپ سے تعلق رکھنے والا ایک مسلح ملی ٹینٹ گولی لگنے سے زخمی ہوا اور اسے پکڑ لیا گیا، جبکہ دیگر ملی ٹینٹ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

فوج کے ترجمان کے مطابق بشنو پور کے کواکٹا میں واقعہ کے بعد کئی آپریشن شروع کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہی ایک تلاشی آپریشن کے دوران ہفتہ کی شام تقریباً 5.30 بجے فوجی پارٹی پر مونگاچام کے علاقے سے مسلح ملی ٹینٹوں نے فائرنگ کی۔ فوج کے جوانوں نے جوابی کارروائی کی اور تصادم شروع ہو گیا۔ ترجمان نے کہا کہ کے آئی اے نے حکومت کے ساتھ کوئی امن معاہدہ نہیں کیا ہے۔


سیکورٹی ذرائع کو شبہ ہے کہ حملوں کا تازہ ترین سلسلہ جمعرات کو بشنو پور ضلع کے نارنسینا میں دوسری انڈیا ریزرو بٹالین کے ہیڈکوارٹر سے لوٹے گئے ہتھیاروں اور مارٹروں کے ایک بڑے ذخیرے کے ساتھ شروع کیا گیا تھا۔ گولی باری کے دوران لوٹے گئے ایچ ای مارٹر بموں کے ساتھ دستی بموں اور لمبی دوری تک پھینکنے کے لئے ضروری رائفلوں کا بڑے پیمانے پر استعمال ہونے کا شبہ ہے۔ یہ ہتھیار اسلحہ خانے سے لوٹے گئے تھے۔

دریں اثنا، شرپسندوں نے امپھال مغربی ضلع کے لانگول میں بھی مکانات کو نذر آتش کر دیا۔ اس علاقے میں ایک ہفتہ قبل فوج تعینات تھی لیکن فوج کے پیچھے ہٹنے کے بعد گاؤں کے کچھ مکانات کو جلا دیا گیا۔ لانگول میں سرکاری کوارٹرز، جنہیں گزشتہ تین ماہ کے تشدد سے فرار ہونے والے لوگوں نے چھوڑ دیا تھا، کو بھی لوٹ لیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ شرپسندوں نے کواکٹا کے اوکھا تمپاک میں کچھ گھروں اور ایک چرچ کو بھی آگ لگا دی۔


منی پور کے بی جے پی ایم ایل اے راج کمار ایمو سنگھ نے دعویٰ کیا کہ کواکٹا لام کھائی واقعہ پر حملے میں سیکورٹی کی بڑی خامیاں تھیں۔ بی جے پی ایم ایل اے، جو وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ کے داماد بھی ہیں، نے کہا کہ بڑی تعداد میں نیم فوجی دستوں کی موجودگی کے باوجود ملی ٹینٹ دوسرے اضلاع سے آئے اور تین لوگوں کو بے دردی سے مار ڈالا۔ ایمو سنگھ نے کہا کہ گاؤں میں ڈیوٹی پر موجود نام نہاد نیم فوجی دستوں کو معطل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مرکزی وزیر داخلہ (امیت شاہ) کو باقاعدگی سے خطوط اور میمورنڈم لکھ رہے ہیں کہ کچھ سیکورٹی فورسز عوام اور ریاست کے درمیان بگاڑ پیدا کر رہے ہیں۔ ایم ایل اے نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ سیکورٹی فورسز کے کچھ یونٹ مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ اگر فوری طور پر مناسب کارروائی نہیں کی گئی تو ریاست میں امن اور معمولات بحال نہیں ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔