اتر پردیش میں خواتین کے ساتھ درندگی جاری، ایٹاوا میں 2 بہنوں سے اجتماعی عصمت دری، 3 گرفتار

اجتماعی عصمت دری کی شکار دونوں بہنوں نے بتایا کہ لفٹ کے بہانے اغوا کرنے کے بعد ملزمین نے مدد کے لیے پکارنے کی کوشش کرنے پر سنگین نتیجہ بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں خواتین کے خلاف جرائم تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اب ایٹاوا میں دو بہنوں کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے واقعہ نے انسانیت کو شرمسار کر دیا ہے۔ جرائم پیشوں نے نہ صرف اجتماعی عصمت دری کی، بلکہ دونوں بہنوں کی بے رحمی سے پٹائی بھی کی۔ پولیس نے اس تعلق سے تین ملزمین کو گرفتار کر لیا ہے۔

واقعہ کے بارے میں ملی جانکاری کے مطابق اتر پردیش کے ایٹاوا ضلع میں اتوار کی شب ایک لیڈی تھانہ سے لوٹ رہی دو بہنوں کو مبینہ طور پر تین لوگوں نے اغوا کر لیا اور ایک سنسان جگہ لے جا کر دونوں سے اجتماعی عصمت دری کی۔ اس دوران جرائم پیشوں نے دونوں کی بے رحمی سے پٹائی کی۔ اتوار کے واقعہ میں شامل تینوں ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں بہنوں نے تینوں ملزمین کے خلاف ایٹاوا ضلع کے سیفئی تھانہ میں شکایت درج کرائی ہے۔


سیفئی تھانہ انچارج محمد حامد صدیقی نے اس تعلق سے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’’ہماری ٹیم ایک ریلوے اوور بریج کے نیچے گشت کر رہی تھی، تبھی ہم نے تین لوگوں کو دیکھا جو پولیس وین دیکھ کر بھاگنے لگے۔ ہم نے نشے کی حالت میں تینوں کو گرفتار کر لیا۔‘‘ پولیس افسر نے کہا کہ جب انھوں نے تین لوگوں کو گرفتار کیا تو انھیں پاس کی ایک دکان سے چیخ پکار سنائی دی جو آدھی بند تھی۔ پولیس افسر نے بتایا کہ دکان میں داخل کرنے پر ہم نے دو خواتین کو روتے ہوئے دیکھا اور وہ نیم عریاں حالت میں تھیں۔ ان کے ساتھ ہوئے واقعہ کے بارے میں جان کر ہم انھیں میڈیکل جانچ کے لیے ایٹاوا ضلع اسپتال لے گئے۔

دونوں خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ جس شخص نے انھیں لفٹ دی تھی اس نے اور اس کے ساتھیوں نے انھیں شراب پینے کے لیے مجبور کیا۔ انھوں نے دونوں بہنوں کو مدد کے لیے پکارنے کی کوشش کرنے پر سنگین نتیجہ بھگتنے کی دھمکی دی۔ اغوا کرنے والے نوجوان دونوں بہنوں کو ایک دکان پر لے گئے اور ان کے ساتھ عصمت دری کی۔ ایک شکایت دہندہ کے مطابق ملزمین نے دونوں بہنوں کی بے رحمی سے پٹائی بھی کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔