دلتوں اور پسماندگان کے خلاف مظالم کا گراف بڑھتا جا رہا ہے: اجے کمار للو

یو پی کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد دلتوں، پسماندہ طبقات اور خواتین پر ہونے والے مظالم میں اضافہ ہوا ہے اور یہ گراف بڑھتا ہی جا رہا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کانپور (دیہات): اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے سنیچر کے روز کہا کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اقتدار میں آنے کے بعد سے دلتوں، پسماندہ طبقات اور خواتین پر ہونے والے مظالم میں اضافہ ہوا ہے اور یہ گراف ہر روز بڑھتا ہی جا رہا ہے۔

کانپور دیہات کے منگٹا گاؤں میں دبنگوں کے حملے میں زخمی دلت سماج کے افراد سے ملاقات کے بعد اجے کمار للو نے کہا کہ اس واردات میں 50 سے زیادہ افراد کو شدید چوٹیں آئی ہیں ۔ زخمیوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔ بیشتر زخمیوں کے ہاتھ پیر ٹوٹ گئے ہیں اور سر میں شدید چوٹ ہے۔ متأثرہ کنبوں نے مارپیٹ کے دوران پولیس پر خاموش تماشائی بنے رہنے کا الزام لگایا ہے۔


للو نے کہا کہ حملہ کرنے والوں کا تعلق ایک خاص سیاسی پارٹی سے جنہیں حکومت کا تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں نے جس طرح خواتین اور بچوں کو گھیر کر مارا ہے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بی جے پی حکومت میں دلتوں اور خواتین پر کس طرح سے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت بننے کے بعد دلت، پسماندگان اور خواتین کے خلاف مارپیٹ۔قتل اور عصمت دری کے واقعات میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ للوں نے مزید کہا کہ کانگریس اس ضمن میں سڑک سے لے کر ایوان تک تحریک چلا کر مظلوموں کی آواز بلند کرے گی۔

قبل ازیں، کانگریس لیڈر نے کانپور دیہات کے ضلع اسپتال میں زیر علاج زخمیوں سے ملاقات کی اور ان کا حال چال معلوم کیا۔ کانگریس وفد میں ایس سی کمیشن کے سابق چیئرمین اور راجیہ سبھا رکن پی ایل پنیا، کانگریس رکن اسمبلی آرادھنا مشرا ’مونا‘، سابق رکن پارلیمان راکیش سچان، سابق رکن راجا رام پال، سابق مرکزی وزیر شری پرکاش جیسوال سمیت دیگر لیڈر شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */