پرتیبھا سنگھ کی جگہ سابق نائب اسپیکر ونے کمار ہماچل پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بنے
ونے کمار رینوکا سے رکن اسمبلی ہیں، جو ایک درج فہرست ذات کے رکن ہیں۔ انہوں نے نائب ا سپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
سابق نائب اسپیکر ونے کمار کو ہماچل پردیش کانگریس کمیٹی کا نیا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ وہ پرتیبھا سنگھ کی جگہ لیں گے۔ ونے کمار رینوکا سے رکن اسمبلی ہیں ۔ ان کا تعلق درج فہرست ذات سے ہے۔ ونے کمار نے نائب اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے قبول کرلیا گیا۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ اسپیکر اسمبلی کو پیش کر دیا۔ اسمبلی میں ان کی رکنیت برقرار رہے گی۔ ونے کمار ہماچل پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو نے ونے کمار کو مبارکباد دی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا، "قانون ساز پارٹی کی طرف سے میرے ساتھی ونے کمار کو ہماچل پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر بننے پر دلی مبارکباد۔ عوامی خدمت میں آپ کا طویل تجربہ بلاشبہ تنظیم کو نئی سمت اور نئی طاقت دے گا۔" ہم کانگریس کے نظریے کو متحد اور مضبوط کریں گے اور تنظیم کی مضبوطی کو ایک نئی جہت دیں گے۔
یوتھ کانگریس نے بھی ونے کمار کو ہماچل میں پارٹی کا نیا ریاستی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ پوسٹ میں لکھا گیا، "ونے کمار جی کو ہماچل پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر بنائے جانے پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔"
پرتیبھا سنگھ 2021 سے ہماچل کانگریس کی قیادت کر رہی تھیں۔ دسمبر 2022 میں جب کانگریس نے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تو وہ ریاستی صدر تھیں۔ وہ ہماچل پردیش کے چھ بار وزیر اعلیٰ رہنے والے آنجہانی ویربھدرا سنگھ کی اہلیہ ہیں۔ پرتیبھا سنگھ کا تعلق راجپوت برادری سے ہے ۔ راجپوت برادری ہماچل کی کل آبادی کا تقریباً 32.72 فیصد ہے، جب کہ درج فہرست ذات کی آبادی 25.22 فیصد ہے۔
پرتیبھا سنگھ کے بیٹے وکرمادتیہ سنگھ ہماچل حکومت میں وزیر ہیں۔ پرتیبھا سنگھ نے 2004 کے لوک سبھا انتخابات میں منڈی سیٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں، پارٹی نے وکرمادتیہ سنگھ کو ان کی جگہ میدان میں اتارا، لیکن وکرمادتیہ سنگھ کو بی جے پی امیدوار کنگنا رناوت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔