نتیش کمار پر مشتعل بھیڑ کا پتھراؤ، کئی سیکورٹی گارڈ زخمی

دیہی عوام کے ذریعہ کیے گئے پتھراؤ میں کئی گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ نتیش کمار کو بحفاظت نندن پنچایت کے ہریانہ فارم بھیج دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے قافلہ پر پتھراؤ کی خبریں موصول ہو رہی ہیں جس میں وہ بال بال بچ گئے۔ ذرائع کے مطابق بکسر ضلع کے نندن گاؤں میں ’وِکاس سمیکچھا یاترا‘ کے لیے پہنچے نتیش کمار کے قافلہ پر مقامی بھیڑ کے ذریعہ پتھر پھینکے گئے جس سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ نتیش کمار کو بمشکل اس مقام سے محفوظ نکالا گیا۔ اس واقعہ میں کئی سیکورٹی گارڈس کے زخمی ہونے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ جس مشتعل بھیڑ نے پتھر بازی کی ان میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی۔

اطلاعات کے مطابق کچھ مشتعل دیہی لوگوں نے وزیر اعلیٰ کے کارکیڈ پر حملہ کر دیا اور خوب پتھر بازی کی۔ دراصل دلت بستی کے لوگ یہاں بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے کافی ناراض تھے اور وہ وزیر اعلیٰ کو علاقے کی دلت بستی میں لانے کا مطالبہ کر رہے تھے جس پر تنازعہ پیدا ہو گیا۔ تنازعہ اتنا بڑھ گیا کہ مشتعل لوگوں نےنتیش کمار کو ہی نشانہ بنا دیا۔ اس پتھر بازی میں کئی مقامی لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں ہیں۔

نتیش کمار پر مشتعل بھیڑ کا پتھراؤ، کئی سیکورٹی گارڈ زخمی

مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ سات مقررہ پروگرام کے تحت گاؤں میں کوئی کام نہیں ہوا اور اسی لیے عوام احتجاجی مظاہرہ کر رہےتھے اور وزیر اعلیٰ کو گاؤں میں لانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔واقعہ کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار گاؤں سے نکال کر وہاں سے دو کلو میٹر دور نندن پنچایت کے ہریانہ فارم پر لے جایا گیا ہے جہاں وہ لوگوں سے خطاب کریں گے۔

اس سے قبل کچھ مہادلت خواتین نے بھی وزیر اعلیٰ کے قافلے کو روکنے کی کوشش کی تھی۔ نتیش کمار کے قافلہ کے ساتھ اس طرح کا معاملہ پہلی بار نہیں ہوا ہے۔ گزشتہ مرتبہ بھی جب وزیر اعلیٰ ’وِکاس سمیکچھا یاترا‘ کے دوران چوسا گئے تھے تو کچھ اسی طرح کا معاملہ پیش آیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Jan 2018, 2:19 PM