وجئے مالیہ، نیرو مودی سمیت 15 افراد 57 ہزار کروڑ کے مالی گھوٹالوں میں اقتصادی مجرم قرار: مرکزی حکومت

حکومت نے بتایا کہ وجئے مالیہ، نیرو مودی اور دیگر 15 افراد کو مفرور اقتصادی مجرم قرار دیا گیا ہے۔ ان پر کاروباری لین دین کے ذریعے بینکوں کو 57 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے

<div class="paragraphs"><p>وجئے مالیہ / تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے پیر کو لوک سبھا میں اطلاع دی کہ کنگ فشر ایئرلائنز کے سربراہ وجئے مالیہ، فائر اسٹار انٹرنیشنل کے مالک نیرو مودی اور اسٹیرلنگ بایوٹیک گروپ کے نیتن سندیسرا سمیت 15 بڑے مفرور تاجروں کو اقتصادی مجرم قرار دیا جا چکا ہے۔ ان تمام افراد نے مختلف بینکوں کو مجموعی طور پر 31 اکتوبر تک 57 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان پہنچایا۔ یہ کارروائی 2018 کے مفرور اقتصادی مجرموں سے متعلق قانون کے تحت کی گئی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری نے ایوان میں بتایا کہ ان 15 افراد کی وجہ سے بینکوں کو اصل رقم میں 26645 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، جب کہ این پی اے قرار دیے جانے کی تاریخ سے 31 اکتوبر تک 31437 کروڑ روپے سود کی صورت میں اضافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ حکومت کے مطابق اب تک 19187 کروڑ روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے۔


فہرست میں شامل دیگر ناموں میں زائی لاگ سسٹمز کے سدرشن وینکٹ رمن، رامانجم شیشارتھنم، اسٹیرلنگ بایوٹیک کے چیتن سندیسرا اور پشپیش کمار بید بھی شامل ہیں۔ ان سب نے مختلف بینکوں ’اسٹیٹ بینک آف انڈیا‘، ’پنجاب نیشنل بینک‘، ’بینک آف بڑودہ‘، ’یوکو بینک‘، ’یونین بینک آف انڈیا‘، ’بینک آف مہاراشٹر‘، ’کینرا بینک‘ سمیت کئی دیگر کو بھاری نقصان پہنچایا۔

ایس بی آئی کے مطابق وجئے مالیہ نے کنگ فشر ایئرلائنز کے نام پر 6848 کروڑ روپے اصل رقم اور 11960 کروڑ روپے سود کے طور پر نقصان پہنچایا۔ بینک نے عدالت اور دیگر کارروائیوں کے ذریعے اب تک 10814 کروڑ روپے وصول کیے ہیں۔

پنجاب نیشنل بینک کو نیرو مودی کے نان بوروئنگ دھوکے سے 6799 کروڑ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا، مگر ریکوری صرف 93.21 کروڑ روپے رہی۔ علاوہ ازیں، نیرو مودی کی فائر اسٹار انٹرنیشنل نے پی این بی کو 297 کروڑ روپے اصل رقم اور 324 کروڑ روپے سود کی مد میں نقصان پہنچایا، جس میں سے 163 کروڑ روپے کی وصولی ممکن ہوئی۔

بینک آف بڑودہ بھی وجئے مالیہ اور نیرو مودی کے فراڈ سے متاثر ہوا۔ مالیہ نے بینک کو 494.33 کروڑ روپے (اصل) اور 1341.87 کروڑ روپے (سود) کا نقصان پہنچایا، جب کہ اس میں سے 995.55 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی۔ فائر اسٹار گروپ کے تحت نیرو مودی نے اسی بینک کو 301.98 کروڑ روپے اصل رقم اور 206.40 کروڑ روپے سود کے طور پر نقصان پہنچایا، جس میں سے 99.24 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔