وجے لکشمی حیدرآباد کی مئیر منتخب، سری لتا کا ڈپٹی مئیر کے عہدے کے لیے انتخاب

تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آر ایس کی کارپوریٹر آر جی وجے لکشمی، جی ایچ ایم سی کی مئیر منتخب ہو گئیں, انہوں نے بی جے پی امیدوار رادھا ریڈی کو شکست دی

IANS
IANS
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس کی کارپوریٹر آر جی وجے لکشمی، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی مئیر منتخب ہو گئیں۔ انہوں نے بی جے پی امیدوار رادھا ریڈی کو شکست دی ہے۔ خیال رہے کہ مئیر کا عہدہ خاتون کے لیے محفوظ ہے۔

وجے لکشمی، ٹی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا کے کیشور راؤ کی دختر ہیں جو بنجارا ہلز ڈیویثرن کی نمائندگی کرتی ہیں۔ تارناکہ ڈیویثرن کی نمائندگی کرنے والی ٹی آر ایس کارپوریٹر سری لتا ڈپٹی مئیر منتخب ہوئی ہیں، جنہوں نے بی جے پی کے شنکر یادو کو شکست دی۔مجلس نے ان دونوں عہدوں کے لیے ٹی آر ایس امیدواروں کی حمایت کی۔

قبل ازیں نومنتخب کارپوریٹرس کو پریزائیڈنگ آفیسر و کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی نے جی ایچ ایم سی کے کونسل ہال میں حلف دلایا۔ انتخابی مبصر سندیپ کمارسلطانیہ نے کارروائی کی نگرانی کی۔ ٹی آرایس کی اپیل پر حلف برداری انفرادی طورپر کے بجائے گروپ میں کروائی گئی۔اسی طرح کی اپیل مجلس اور بی جے پی نے کی تھی۔

نومنتخب کارپوریٹرس نے تلگو،اردو،ہندی میں حلف لیا۔ میئر کے انتخاب کے لئے منعقدہ خصوصی اجلاس میں کارپوریٹرس کے علاوہ ووٹ کا حق رکھنے و الے بہ اعتبار عہدہ ارکان نے شرکت کی جن میں ارکان پارلیمنٹ، ارکان اسمبلی اور جی ایچ ایم سی کے دائرہ میں ووٹ کا حق رکھنے والے ارکان کونسل شامل تھے۔ پہلے میئر اور اس کے بعد ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوا۔جی ایچ ایم سی میں 56کارپوریٹرس اور 32بہ اعتبارعہدہ ارکان رکھنے والی ٹی آرایس نے آسانی کے ساتھ مئیر کے عہدہ پر قبضہ کرلیا۔مجلس جس کے 44کارپوریٹرس ہیں نے ٹی آرایس کی حمایت کی۔

مئیر کے عہدہ کیلئے وجئے لکشمی کے نام کی تجویز ٹی آرایس کارپوریٹر س بابا فصیح الدین اور شیشگری پیش کی۔ڈپٹی مئیر کے عہدہ کے لئے سری لتا کے نام کی تجویز راجہ جیتندر ناتھ،جے ستیہ نارائنا پیش کی۔بعد ازاں پریسائیڈنگ آفیسر شویتاموہنتی نے کارپوریٹرس کے ہاتھ اٹھاکر حمایت کرنے کے بعد مئیر کے طورپر وجئے لکشمی کے انتخاب کا اعلان کیا۔اسی طرح ڈپٹی مئیر کا انتخا ب ہوا۔

مئیر اورڈپٹی مئیر کے عہدوں کیلئے خواتین کے انتخاب پر وجئے لکشمی نے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو اور وزیربلدی نظم ونسق کے تارک راما راو سے اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ حیدرآباد کی ترقی کے لئے تمام جماعتوں کی رائے حاصل کرتے ہوئے کام کریں گی۔نومنتخب مئیر اور ڈپٹی مئیر کو کے تارک راما راو،ارکان پارلیمنٹ، اارکان اسمبلی، ارکان کونسل اور کارپوریٹرس نے مبارکباد پیش کی۔قبل ازیں ٹی آر ایس پارٹی کے نو منتخب کارپوریٹرس کا اجلاس پارٹی کے ہیڈ کوارٹرس تلنگانہ بھون میں منعقد ہوا جس سے وزیربلدی نظم ونسق و پارٹی کے کارگذارصدر تارک راما راو نے خطاب کیا۔ بعدازاں خصوصی گاڑی میں تمام کارپوریٹرس جی ایچ ایم سی روانہ ہوئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔