نائب صدر انتخاب: ٹی آر ایس نے مشترکہ اپوزیشن امیدوار ’مارگریٹ الوا‘ کی حمایت کا کیا اعلان

اپوزیشن پارٹیوں نے مارگریٹ الوا کو اتفاق رائے سے نائب صدر عہدہ کے لیے امیدوار بنایا ہے، این ڈی اے نے مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھڑ کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔

مارگریٹ الوا، تصویر یو این آئی
مارگریٹ الوا، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

صدارتی انتخاب ختم ہونے کے بعد سے ہی نائب صدر کے لیے ہونے والے انتخاب کو لے کر سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ روزانہ کسی نہ کسی پارٹی کے ذریعہ برسراقتدار طبقہ یا پھر حزب مخالف کے ذریعہ نامزد امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا جا رہا ہے۔ آج اپوزیشن کی مشترکہ امیدوار مارگریٹ الوا کے لیے بہت اہم دن ہے کیونکہ ٹی آر ایس نے انھیں حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مارگریٹ الوا کو حمایت دینے کا حتمی فیصلہ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اور ٹی آر ایس چیف چندرشیکھر راؤ اور ٹی آر ایس لیڈران کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد لیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ چندرشیکھر راؤ نے پہلے ہی اپنے ایک بیان میں صاف کر دیا تھا کہ ٹی آر ایس کا بی جے پی مخالف رویہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ اپوزیشن پارٹیوں نے مارگریٹ الوا کو اتفاق رائے سے نائب صدر عہدہ کے لیے امیدوار بنایا ہے۔ این ڈی اے نے مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھڑ کو نائب صدر عہدہ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔ ملک میں نائب صدر عہدہ کے لیے 6 اگست کو انتخاب ہونے والا ہے۔ یعنی ووٹنگ کے لیے بس ایک دن کا وقت باقی رہ گیا ہے اور سبھی پارٹیوں کے لیڈران نے اپنا ذہن تیار کر لیا ہے کہ کس امیدوار کو ووٹ دینا ہے۔


نائب صدر عہدہ کے لیے ہونے والے انتخاب سے پہلے اپوزیشن کی مشترکہ امیدوار مارگریٹ الوا نے جمعرات کو سبھی اراکین پارلیمنٹ سے ایک خصوصی اپیل کی تھی۔ اس میں انھوں نے اراکین پارلیمنٹ سے کہا تھا کہ وہ کسی بھی خوف یا سیاسی دباؤ کے بغیر بہتر امیدوار کے حق میں ووٹنگ کریں۔ انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس بہتر تجربہ ہے اور پریزائیڈنگ افسر کے طور پر غیر جانبدار طریقے سے کام کرنے میں وہ اہل ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */