تاج محل کے احاطہ میں ہندو تنظیموں کی توڑ پھوڑ

ہندو تنظیم کے لوگوں کی توڑ پھوڑ اور ہنگامہ کی وجہ سے کافی دیر تک ماحول کشیدہ بنا رہا۔ اس سے سیاحوں کے آنے جانے پر بھی اثر پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دنیا بھر میں ہندوستان کی پہچان مانے جانے والی تاریخی عمارت تاج محل لگاتار ہندووادی تنظیموں کے نشانہ پر ہے۔ بی جے پی اور دیگر ہندو تنظیمیں بار بار یہ مطالبہ کرتی رہتی ہیں کہ تاج محل کا نام بدل دیا جائے۔ لیکن اب اس سے ایک قدم آگے بڑھ کر ہندو تنظیم کے لوگوں نے تاج محل کے احاطہ میں غنڈہ گردی بھی کرنے لگے ہیں۔

سخت گیر ہندوتنظیم وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی ) کے درجنوں کارکنان تاج محل کے احاطہ میں داخل ہوئے اور ہنگامہ آرائی کی۔ اتنا ہی نہیں ان شرپسندوں نے احاطہ کے اندر توڑ پھوڑ بھی کی۔ اس کی وجہ سے سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اطلاعات کے مطابق 20 سے 25 افراد نے تاج محل کے مشرقی گیٹ پر حملہ بولا۔ ان شر پسندوں نے اے ایس آئی (آثار قدیمہ ہند) کی طرف سے نصب کئے جا رہے گیٹ کو بھی اکھاڑ دیا۔ ہندوتنظیم کے لوگوں کا الزام ہے کہ اے ایس آئی تاج محل کی حفاظت کے نام پر سدھیشور مہادیو مندر جانے کا 500 سال پرانا راستہ بند کر رہا ہے۔ مندر کمیٹی کے صدر سنجے دوبے نے اے ایس آئی پر مندر میں جانے والے عقیدت مندگان کے لئے پریشانی پیدا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

تاج محل کے احاطہ میں ہندو تنظیموں کی توڑ پھوڑ

انہوں نے کہا، ’’مندر جانے کا یہ 400-500 سال پرانہ راستہ ہے، جسے بند کیا جا رہا ہے۔ اس سے لوگوں کو پوجا کرنے میں دقت ہو رہی ہے۔ اگر اسی طرح سب کچھ کیا جاتا رہا تو ہم لوگ بھجن کیرتن کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ‘‘ ہندو تنظیم کے لوگوں کی توڑ پھوڑ اور ہنگامہ کی وجہ سے کافی دیر تک ماحول کشیدہ بنا رہا۔ اس سے سیاحوں کے آنے جانے پر بھی اثر پڑا۔

مظاہرین کو مشتعل دیکھ کر اے ایس آئی فعال ہوا اور پولس انتظامیہ سے اس کی شکایت کی۔ اس کے بعد مقامی انتظامیہ حرکت میں آیا اور 4-5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سینئر افسران نے بتایا کہ اگر کسی طرح کی شکایت یا مسئلہ تھا تو متعلقہ محکمہ کے حکام سے بات کی جا سکتی تھی۔ انتظامیہ نے کارروائی کرنے کی بات کہی ہے۔

واضح رہے کہ مشرقی گیٹ سے سیاحوں کو تاج محل کا دیدار کرانے کے لئے اے ایس آئی محفوظ گیٹ نصب کر رہا ہے۔ اس گیٹ پر میٹل ڈٹیکٹر بھی نصب کئے جا رہے ہیں۔ اس وجہ سے اس گیٹ کو فی الحال بند کر دیا گیا ہے ۔ اے ایس آئی نے تاج محل کے پیچھے واقع مہادیو مندر جانے کے لئے الگ راستہ بھی بنا دیا ہے۔ اس کے باوجود ہندو تنظیم کے کارکنان نے توڑ پھوڑ کی اور گیٹ کو اکھاڑ دیا

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔