عدالت عظمیٰ اور مرکز میں زبانی جنگ! وزیر قانون کو چیف جسٹس کا جواب ’سپریم کورٹ کے لئے کوئی معاملہ چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا‘

وزیر قانون نے عدالت عظمیٰ سے ان مقدمات پر سماعت کی اپیل کی تھی جو متعلقہ اور مناسب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر فضول عرضیوں پر سماعت کی جاتی ہے تو اس سے عدالت پر اضافی بوجھ پڑے گا

جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، تصویر آئی اے این ایس
جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ججوں کی تقرری میں تاخیر پر مرکزی حکومت اور سپریم کورٹ کے درمیان کشمکش بڑھ رہی ہے۔ وزیر قانون کرن رجیجو نے مختلف فورمز پر کئی مسائل پر عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے اور عدلیہ نے بھی مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا ’’ججوں کی تقرری میں طویل تاخیر ہو یا اس بات کی نشاندہی کرنا کہ سپریم کورٹ کے لیے کوئی بھی معاملہ بہت بڑا یا بہت چھوٹا نہیں ہے کیونکہ اسے شہریوں کی آزادی کی پکار کا جواب دینا پڑتا ہے۔‘‘

حال ہی میں، رجیجو نے پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ کو زیر التواء مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے درمیان ضمانت کی درخواستوں اور غیر سنجیدہ عرضیوں کی سماعت نہیں کرنی چاہیے۔ وزیر کی تنقید کے بالواسطہ جواب میں ملک کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے جمعہ کو کہا کہ یہ سپریم کورٹ کا فرض ہے کہ وہ شخصی آزادی کی خلاف ورزی کے معاملات میں مداخلت کرے اور جج اس کے لیے رات بھر کام کرتے ہیں۔


راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے عدالت عظمیٰ سے ایسے مقدمات لینے کی اپیل کی جو متعلقہ اور مناسب ہوں اور مزید کہا کہ اگر سپریم کورٹ ضمانت کی درخواستوں اور تمام فضول مفاد عامہ کی عرضیوں پر سماعت کرتی ہے، تو یہ ایک آئینی عدالت کے طور پر اس پر اضافی بوجھ ڈالے گا۔

نو الگ الگ مقدمات میں بجلی چوری کے جرم میں 18 سال قید کی سزا پانے والے اکرام نامی شخص کو رہا کرتے ہوئے چیف جسٹس چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے لیے کوئی بھی معاملہ بہت چھوٹا نہیں ہے اور کوئی بھی معاملہ بہت بڑا نہیں ہے۔ کیونکہ ہمیں ضمیر کی پکار اور اپنے شہریوں کی آزادی کی پکار کا جواب دینا ہے، اسی لیے ہم یہاں ہیں۔ اور یہ کوئی ایک معاملہ نہیں، جب آپ یہاں بیٹھ کر آدھی رات کا تیل جلاتے ہیں تو آپ کو احساس ہوتا ہے کہ ہر دن ایسا ہی ایک اور دن ہوتا ہے۔ عدالت عظمیٰ کا فرض ہے کہ وہ شخصی آزادی کی خلاف ورزی کے معاملات میں مداخلت کرے۔


درخواست گزار کو رہا کرتے ہوئے عدالت نے اپنے حکم میں کہا شخصی آزادی کا حق ایک ناقابل تنسیخ حق ہے۔ ایسی شکایات کے ازالے میں سپریم کورٹ اپنا فرض ادا کرتی ہے، نہ زیادہ اور نہ کم۔

خیال رہے کہ مرکزی وزیر قانون نے راجیہ سبھا میں کہا تھا کہ لوگوں میں یہ احساس ہے کہ عدالتوں کی لمبی چھٹیاں انصاف کے متلاشیوں کے لیے آرام دہ نہیں ہیں۔ جس کے جواب میں چیف جسٹس نے جمعہ کو وکلاء سے بھرے کمرہ عدالت میں کہا کہ ’’کل سے یکم جنوری تک کوئی بینچ دستیاب نہیں ہوگی۔‘‘

جمعہ کا دن سپریم کورٹ کے لیے آخری کام کا دن تھا اور دو ہفتے کے موسم سرما کے وقفے کے بعد 2 جنوری 2023 کو دوبارہ کھلے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */