’سبزیاں ہندو ہوئیں، بکرا مسلماں ہو گیا‘، محمد زبیر کی گرفتاری پر مہوا موئترا کا ٹوئٹ

محمد زبیر کی گرفتاری پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’نفرتوں کی جنگ میں دیکھو تو کیا کیا کھو گیا، سبزیاں ہندو ہوئیں بکرا مسلماں ہو گیا۔‘‘

ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا
ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا
user

قومی آوازبیورو

ایک خاص مذہب کے جذبات مجروح کرنے کے الزام میں دہلی پولیس کے ذریعہ پیر کے روز گرفتار آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کی حمایت میں اپوزیشن کے کئی لیڈران کا بیان سامنے آ چکا ہے۔ ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے بھی اس تعلق سے مرکزی حکومت اور دہلی پولیس کی کارروائی پر سوال اٹھایا ہے۔

مہوا موئترا نے محمد زبیر کو ’فیکٹ چیکر‘ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی گرفتاری افسوسناک ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ زبیر ایک فیکٹ چیکر ہیں اور جمہوریت کا اہم حصہ غلط خبروں کو ختم کرنا ہوتا ہے۔ وہ نہ تو لیڈر ہیں اور نہ ہی خطیب۔ پھر بھی صرف اپوزیشن کے لیڈر ہی ان کے دفاع میں کیوں آگے آ رہے ہیں؟‘‘ زبیر کی گرفتاری پر اپنا شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے موئترا نے ایک شعر بھی لکھا ہے۔ وہ شعر اس طرح ہے ’’نفرتوں کی جنگ میں دیکھو تو کیا کیا کھو گیا، سبزیاں ہندو ہوئیں بکرا مسلماں ہو گیا۔‘‘


دوسری طرف اے آئی ایم آئی ایم چیف اسدالدین اویسی نے بھی محمد زبیر کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ زبیر کو بغیر کسی نوٹس کے نامعلوم ایف آئی آر میں گرفتار کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ دہلی پولیس مسلم کے خلاف قتل عام کا نعرہ لگانے والوں کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھاتی ہے، لیکن جرائم کی رپورٹ کرنے والے اور غلط جانکاریاں دینے والوں کا مقابلہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتی ہے۔

واضح رہے کہ محمد زبیر فی الحال پولیس کی یک روزہ ریمانڈ پر ہیں۔ انھیں آج ایک بار پھر عدالت میں پیش کیا جا سکتا ہے۔ پولیس ان کی ریمانڈ میں اضافہ کرنے کی اپیل عدالت میں کر سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔