وندے بھارت ایکسپریس ٹرین حادثہ، بھینس مالک کے خلاف ایف آئی آر درج

وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں ممبئی اور گاندھی نگر کے درمیان نئی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی تھی، جمعرات کی صبح اس ٹرین سے بھینس ٹکرا گئی تھی

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

احمد آباد: گجرات میں حال ہی میں متعارف کرائی گئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین جمعرات کو حادثے کا شکار ہو گئی۔ یہ ٹرین ممبئی سے آتے ہوئے احمد آباد ریلوے اسٹیشن کے قریب وٹاو اور منی نگر اسٹیشن کے قریب بھینسوں کے ریوڑ سے ٹکرا گئی تھی۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے جمعہ کے روز اس حادثے کے سلسلہ میں بھینسوں کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔

خیال رہے کہ ممبئی-گاندھی نگر وندے بھارت ایکسپریس کا اگلا حصہ بھینسوں کے ریوڑ سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہو گیا تھا۔ حادثے کے کچھ دیر بعد ٹرین کو دوبارہ منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں ممبئی اور گاندھی نگر کے درمیان نئی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی تھی۔


ویسٹرن ریلوے (ڈبلیو آر) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین کے ڈرائیور کوچ کے ’ناک کون کور‘ کو ممبئی میں نئی ​​کوچ سے تبدیل کر دیا گیا، جو بھینسوں سے ٹکرانے کے بعد تباہ ہو گیا تھا۔ حکام نے بتایا کہ اس واقعہ میں چار بھینسیں مر گئی تھیں۔ حادثے کے بعد وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کچھ دیر تک کھڑی رہی اور اسے دوبارہ روانہ کیا گیا۔

ویسٹرن ریلوے کے سینئر ترجمان (احمد آباد ڈویژن) جتیندر کمار جینت نے کہا، "آر پی ایف نے احمد آباد کے وٹوا اور منی نگر ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان وندے بھارت ٹرین کے راستے میں آنے والی بھینسوں کے نامعلوم مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔‘‘

ریلوے کے پی آر او پردیپ شرما نے کہا کہ اس واقعہ سے بہت کم نقصان ہوا ہے اور اس سے ٹرین کے آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ ٹرین اپنے مقررہ وقت پر چل رہی ہے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گجرات میں گائے اور بھینسیں پالنے والے ونڈے بھارت کے ٹائم ٹیبل سے واقف نہیں ہیں اور بھینسوں کا ریوڑ پٹریوں پر آ گیا، لہذا اب انہیں آگاہ کرنے کے لیے مہم چلائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔