سنچری بناتے ہی ویبھو سوریہ ونشی پر انعامات کی بارش، وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 10 لاکھ روپے دینے کا کیا اعلان
نتیش کمار نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کے بعد ویبھو کو فون کر کے مبارکباد پیش کی۔ بہار کے نوجوان کرکٹر کو ریاستی حکومت کے ذریعہ 10 لاکھ روپے کا اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔‘‘

نتیش کمار کی ویبھو سوریہ ونشی سے ملاقات کی پرانی تصویر۔ بشکریہ@NitishKumar
آئی پی ایل 2025 میں سب سے کم عمر کھلاڑی کے طور پر سنچری اسکور کرنے والے ویبھو سوریہ ونشی راتوں رات کرکٹ کی دنیا میں چھا گئے ہیں۔ ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر، ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما سمیت دنیا کے سرکردہ کرکٹروں نے ویبھو سوریہ ونشی کی بلے بازی کی جم کر تعریف کی۔ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی سوریہ ونشی کو فون کر اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور 10 لاکھ روپے بطور انعام بھی دینے کا اعلان کیا۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سمستی پور باشندہ ویبھو سوریہ ونشی کی شاندار سنچری کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا۔ پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’’آئی پی ایل کی تاریخ میں سب سے کم عمر (14 سال) میں سنچری بنانے والے بہار کے ویبھو سوریہ ونشی کو مبارک بادی اور نیک خواہشات۔ وہ اپنی محنت اور قابلیت کی بدولت ہندوستانی کرکٹ کی ایک نئی امید بن گئے ہیں۔ ویبھو سوریہ ونشی اور ان کے والد سے سال 2024 میں 1 انے مارگ میں ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت میں نے ان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں کی تھیں۔‘‘
نتیش کمار نے مزید لکھا کہ ’’آئی پی ایل میں شاندار کارکردگی کی بعد ان کو فون کر کے مبارکبادی پیش کی۔ بہار کے نوجوان کرکٹر ویبھو سوریہ ونشی کو ریاستی حکومت کے ذریعہ 10 لاکھ روپیہ کا اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔ میری دعا ہے کہ ویبھو مستقبل میں ہندوستانی ٹیم کے لیے نئے ریکارڈ بنائیں اور ملک کا نام روشن کریں۔‘‘ سنچری اسکور کرنے کے بعد ویبھو سوریہ ونشی کو بطور انعام ملنے والے رقوم میں سب سے بڑا رقم نتیش کمار کی جانب سے یئ دیا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں 4 لاکھ روپے بطور انعام ملے، جس میں ایک لاکھ روپے پلیئر آف دی میچ کے، ایک لاکھ روپے سب سے زیادہ چھکے مارنے کے اور ایک لاکھ روپے اسٹرائکر آف دی میچ کے شامل ہیں۔
گجرات ٹائٹنز کے خلاف تاریخی سنچری اسکور کرنے کے بعد ویبھو سوریہ ونشی نے مجموعی طور پر ایک ہی دن میں 30 لاکھ روپے کما لیے ہیں۔ اس میں سے 14 لاکھ روپے بطور انعام ملے اور 15.35 لاکھ روپے میچ فیس کے ہوئے۔ ویبھو نے گجرات ٹائٹنز کے خلاف 101 رن کی شاندار اننگ میں صرف 38 گیندوں کا سامنا کیا۔ اس اننگ میں 11 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔