دہلی میں حج کی تیاریاں: حج منزل میں ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد، متعدد نئی سہولیات متعارف
حج منزل دہلی میں ٹیکہ کاری کیمپ کا افتتاح چیئرپرسن کوثر جہاں نے کیا۔ حج پروازوں سے قبل عازمین و سرکاری عملے کو ویکسین دی گئی، نئی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں

تصویر پریس ریلیز
نئی دہلی: دہلی میں مقدس سفرِ حج کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ عازمینِ حج کی پہلی پرواز رواں ماہ کی 30 تاریخ کو روانہ ہوگی، جس کے پیش نظر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے ہر سال کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی اپنے دفتر حج منزل میں ٹیکہ کاری کیمپ کا انعقاد کیا ہے۔
اس کیمپ کا افتتاح دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کیمپ میں موجود عازمین، بالخصوص خواتین سے ملاقات کی اور انہیں مقدس سفر پر روانگی کی مبارکباد دی۔ کوثر جہاں نے بتایا کہ اس سال حج کے سفر کو زیادہ منظم، سہل اور خوشگوار بنانے کے لیے کئی نئی سہولیات متعارف کرائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حج منزل میں سعودی ریال اور ٹریول کارڈ کی سہولت، حج سہولت ایپ، تربیتی ڈیسک، ایئرکنڈیشنڈ حج کیمپ، ٹھنڈے پانی کا بندوبست اور دیگر سہولیات کو بہتر بنایا گیا ہے تاکہ عازمینِ حج کو کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔
واضح رہے کہ دہلی سے حج پروازوں کا سلسلہ 30 اپریل سے 30 مئی تک جاری رہے گا۔ پہلے مرحلے میں 15 مئی تک تمام پروازیں مدینہ روانہ ہوں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں 16 مئی سے 30 مئی کے درمیان تمام پروازیں جدہ (مکہ) کے لیے روانہ ہوں گی۔
دہلی سے جدہ جانے والے عازمین کے لیے احرام باندھنے کی سہولت اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر مہیا کی جائے گی، تاکہ سفر کے آغاز سے قبل انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد آر فی نے میڈیا کو بتایا کہ ٹیکہ کاری کا یہ کیمپ حج پروازوں کے شیڈول کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ ہر عازم کو اس کی پرواز کی تاریخ کے مطابق انفرادی سطح پر فون کر کے ٹیکہ کاری کے لیے بلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر اطلاع کے آنے والے افراد کو اسی دن ویکسین نہیں دی جائے گی۔
آج کے کیمپ میں نہ صرف عازمینِ حج بلکہ حج ڈیوٹی پر جانے والے تقریباً 100 سرکاری افسران کو بھی ویکسین دی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ اس سال دہلی سے کل 2905 عازمین حج کے مقدس سفر پر روانہ ہوں گے، جبکہ دہلی ایمبارکیشن پوائنٹ سے مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے 16400 عازمین سفرِ حج اختیار کریں گے۔
حج کمیٹی کی جانب سے ان تمام عازمین کی رہنمائی، سہولت اور صحت کا خیال رکھنے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ ان کا یہ سفر روحانی طور پر بھی پرسکون ہو اور انتظامی طور پر بھی آسانی سے مکمل ہو۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔