اترکاشی لینڈ سلائیڈنگ: ایک اور کوہ پیما کی لاش برآمد، مہلوکین کی تعداد 27 ہوئی، 2 ہنوز لاپتہ

نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیئرنگ کا کہنا ہے کہ ایک اور لاش کی برآمد ہونے کے ساتھ ہی اب تک 27 کوہ پیماؤں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ دو ہنوز لاپتہ ہیں

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہرادون: اتراکھنڈ کے اترکاشی میں دروپدی کا ڈانڈا چوٹی کے قریب منگل کے روز برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتہ کوہ پیماؤں میں سے مزید ایک کی لاش برآمد کی گئی ہے۔ اسی کے ساتھ حادثے میں لاپتہ ہونے والے 29 ٹرینرز اور زیر تربیت کوہ پیماؤں میں سے اب تک 27 کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ قبل ازیں، ہفتہ کے روز 7 کوہ پیماؤں کی لاشیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئیں۔ نہرو انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیئرنگ کے مطابق 29 کوہ پیما 4 اکتوبر کو دروپدی کی ڈنڈا 2 چوٹی پر 17 ہزار فٹ کی بلندی پر کوہ پیمائی کے بعد واپس آتے ہوئے برفانی تودے کی زد میں آ گئے تھے۔

قبل ازیں، ڈوکرانی بامک گلیشیئر علاقے میں جاری تلاش اور بچاؤ آپریشن کے کے دوران مزید 10 لاشیں ماتلی ہیلی پیڈ پر لائی گئی تھیں۔ فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے 10 لاشوں کو نکال کر ماتلی آئی ٹی بی پی کیمپ ہیلی پیڈ تک پہنچایا۔ رپورٹ کے مطابق ان تمام لاشوں کی شناخت ان کے لواحقین نے کر لی ہے۔


اس واقعے میں لاشوں کی شناخت کے لیے آنے والے لواحقین کا رو رو کر برا حال ہے۔ آج ماتلی لائی گئی لاشوں میں رکشیت بنگلور (کرناٹک)، ستیش راوت، چمبہ ٹہری گڑھوال، امت کمار شا بنگال، اتندھر دہلی، گوئل ارجن گجرات، انشل کنتھالا ہماچل پردیش، وکرم کرناٹک، شبھم سنگھ کانپور یوپی، کپل پنوار اترکاشی، نریندر سنگھ پوڑی اتراکھنڈ کی شکل میں اہل خانہ کے ذریعہ شناخت کی گئی ہے۔

ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک روہیلہ نے بتایا کہ ماتلی لائی گئی لاشوں کا پنچنامہ اور پوسٹ مارٹم کی کارروائی کی جا رہی ہے، جس کے بعد لاشوں کو لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا۔ ریسکیو آپریشن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ فوج، آئی ٹی بی پی، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، این آئی ایم ریسکیو اور سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔